" اس رپورٹ کے پیچھے عمران خان کے سیکرٹری کا ہاتھ ہے" جہانگیر ترین کھل کر بولنے لگے، حکومت نئے بحران میں گھر گئی

" اس رپورٹ کے پیچھے عمران خان کے سیکرٹری کا ہاتھ ہے" جہانگیر ترین کھل کر بولنے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے الزام عائد کیا ہے کہ چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ کے پیچھے وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا ہاتھ ہے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے آٹا اور چینی بحران کے حوالے سے رپورٹ کو سیاسی قرار دیا اور اس کا الزام وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری پر لگادیا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ اعظم خان مسلسل وزیراعظم کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس رپورٹ کے پیچھے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اہلکار ہمارے اسٹاف سے20 مارچ سے تحقیقات کررہے ہیں، ایف آئی اے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں، کمیشن نے ذمے دار ٹھہرایا تو چیلنج کریں گے۔ ہمارا گروپ تحقیقاتی کمیٹی اور کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے،کمیٹی کو چینی منہگی کرنے کی دھمکی دینے کی باتیں جھوٹ ہیں۔

اس سے قبل ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ  چینی پر انکوائری کمیشن تیزی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور ان کی 3 شوگر ملز سمیت 10 ملوں کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ان سے جو بھی ریکارڈ مانگا جارہا ہے وہ مہیا کیا جارہا ہے، ہم نے کمیشن کو ہر چیز تک آزادانہ رسائی دی ہے یہاں تک کہ اپنے کمپیوٹر سرورز بھی ان کے حوالے کردیے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے ابھی تک صرف اس لیے کسی بھی چیز کو سِیل نہیں کیا گیا کیونکہ ہم تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے پاس چھپانے کو کچھ ہے ہی نہیں۔