ہزاروں پاکستانیوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والا ’شہزادہ‘ بالآخر گرفتار کرلیا گیا
ابوجہ(مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرنیٹ پر ایک چالباز ایک عرصے سے ای میل کے ذریعے دنیا بھر میں لوگوں کو لوٹ رہا تھا اور ہزاروں پاکستانی بھی اس کا شکار بن کر بھاری رقوم سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب ان پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے لوگوں کو لوٹنے والا یہ شعبدہ باز گرفتار کر لیا گیا ہے اور آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ یہ شخص ”نائیجیریا کا شہزادہ ہے“۔ ویب سائٹ این وائی ڈیلی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انٹرپول نے گزشتہ روز اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اس 40سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس نے ای میل فراڈ کے ذریعے دنیا بھر سے لاکھوں لوگوں کو بے وقوف بنایا اور ان سے 6کروڑ ڈالر (تقریباً ساڑھے 6ارب روپے) لوٹے۔
رپورٹ کے مطابق ایجنسی نے ملزم کا نام ’مائیک‘ (Mike)بتایا ہے اور کہا ہے کہ اس کا نیٹ ورک خاص طور پر چھوٹے کاروباری افراد کو نشانہ بناتا رہا ہے۔اس کی ٹیم درجنوں افراد پر مشتمل تھی جو نائیجیریا سمیت جنوبی افریقہ اور ملائیشیاءمیں بھی موجود تھی۔ اس کی ٹیم کے اراکین ای میل میں خود کو کاروباری شخصیات ظاہر کرتے اور لوگوں کو بے وقوف بناتے تھے۔ متعدد صارفین کو نوکری، انعامی سکیموں اور حتیٰ کہ دوستی اور محبت کے نام پر بھی لوٹا گیا۔ گروہ کے سرغنہ کی قومیت اور وارداتوں نے اسے ’نائیجیریا کا شہزادہ‘ کا خطاب دلوا دیا ہے۔