پی ٹی وی کا جشن آزادی کو روایتی جوش و جذبہ سے منانے کی تیاری
لاہور(فلم رپورٹر )پاکستان ٹیلی ویژن کے تمام مراکز جشن آزادی کو روایتی جوش و جذبہ سے منانے کے لئے خصوصی نشریات پیش کریں گے لاہور سینٹر کاخصوصی ڈرامہ’’ ٹرین 47 ‘‘بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔اسلام آباد سینٹربراہ راست نشریات ’’منزل پہ پہنچ کر دم لیں گے‘‘پیش کررہا ہے جو 13اگست تک جاری رہیں گی۔ تیرہ روز تک جاری رہنے والی ان نشریات میں تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک کی جدوجہد اور اس کے ثمرات پر اہل علم و دانش کی سیر حاصل گفتگو بھی پیش کی جائے گی ۔
ملک کی معروف شخصیات اور سکالرز بھی اس خصوصی نشریات کا حصہ ہیں۔اس سلسلے میں لاہور سینٹر سے سینئر پروڈیوسر نعیم خان نے بھی یوم آزادی پرمولانا طارق جمیل کے روح پرور بیان ریکارڈ کئے ہیں ۔ میگا کوئز شو بھی جاری ہیں جن کا فائنل اسلام آباد سینٹر میں ہوگا جس میں تمام مراکز سے چنے گئے شرکاکے درمیان مقابلہ ہوگا ،لاہور سینٹر سے میگا کوئز کے پروڈیوسر صفدر سحر ہوں گے۔خصوصی نشریات میں ملی نغموں کا مقابلہ’’سلام پاکستان‘‘ ایک دلچسپ اور دلکش پر وگرام ہو گا جس سے ناظرین حقیقی معنوں میں لطف اندوز ہوں گے,لاہورسینٹر سے اس پروگرام کی پروڈیوسر زنیرہ طارق ہیں ۔کراچی سینٹر سے پروڈیوسرمحمد شفیق چغتائی کا خصوصی کھیل" شہر سے واپسی،’’ہم ہیں پاکستان ‘‘اور’’وطن کے نام‘‘س خصوصی ٹرانسمشن کا حصہ ہوں گے ۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطا الحق قاسمی کی ہدائت پر ڈائریکٹر پروگرام آغا ذولفقار خان یوم آزادی کی خصوصی نشریات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔