برمنگھم ٹیسٹ ، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 400رنز پر آؤٹ

برمنگھم ٹیسٹ ، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 400رنز پر آؤٹ

 برمنگھم(سپورٹس ڈیسک) تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کے 297 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 400 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 103 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے 297 رنز کے جواب میں 400 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم کو 103 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پاکستان نے اپنی پہلی نا مکمل اننگز 257 رنز 3 وکٹ سے دوبارہ شروع کی یونس خان 21 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے لیکن وہ اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 10 رنز کے اضافے کے بعد 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ اسد شفیق بھی اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی کرس براڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مصباح الحق اور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کیلئے 62 رنز کی شراکت داری قائم کی کپتان 56 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے تاہم سرفراز احمد آخر تک وکٹ پر موجود رہے لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، یاسر شاہ اور سہیل خان نے 7 رنز بنائے جب کہ محمد عامر 1 اور راحت علی 4 رنز پر پویلین لوٹے۔ سرفراز احمد 46 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور اسٹورٹ براڈ نے 3،3 اور جیمز اینڈرسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...