پی سی بی کی عبدالقادر کے بورڈ کیخلاف بیانات پر 2رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

پی سی بی کی عبدالقادر کے بورڈ کیخلاف بیانات پر 2رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کے بورڈ کے خلاف بیانات پر 2رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ، کمیٹی عبدالقادرکو آئندہ ہفتے وضاحت کے لئے طلب کرے گی ،پیش نہ ہونے پر یکطرفہ اپنی سفارشات چیئرمین بورڈ کو پیش کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کے بورڈ کے خلاف بیانات کی انکوائری کے لئے 2رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے جس میں سی ایف او بدرمنظور خان اور ڈائریکٹر ایچ آر ساجد حمید شامل ہیں۔ کمیٹی عبدالقادر کے بورڈ کے خلاف بیانات اور انٹرویوز کا جائزہ لے گی اور آئندہ ہفتے عبدالقادر کو وضاحت کے لئے بھی دوبارہ طلب کیا جائے گا تاہم اگر عبدالقادر پیش نہ ہوئے تو کمیٹی اپنی یکطرفہ سفارشات چیئرمین پی سی بی کو پیش کرے گی۔واضح رہے کہ سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر نے بورڈ کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی سی بی افسران نے کرکٹ بورڈ کو تھانہ بنا رکھا ہے جس میں سی ایف او بدر ایم خان تھانیدار، سبحان محمد ایس پی، نجم سیٹھی ڈی آئی جی اور شہریارخان آئی جی کی طرح کام کررہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومتی ادارے پی سی بی افسران کے اثاثہ جات کا جائزہ اور کرکٹ بورڈ کی آمدن اور اخراجات کا حساب لیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...