قیمتی پرزے چوری ، ہسپتالوں کے سنٹرل ایئر کنڈیشن سسٹم ناکارہ

قیمتی پرزے چوری ، ہسپتالوں کے سنٹرل ایئر کنڈیشن سسٹم ناکارہ

 لاہور(جاوید اقبال)صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں اربوں روپے کی لاگت سے لگایا گیا سینٹرل ایئر کنڈیشن سسٹم سمیت سپلٹ اے سیز کی اکثریت ناکارہ ہو گئی ہے ۔جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر کے قیمتی پرزہ جات ہسپتالوں کا مافیا چوری کر چکا ہے زیادہ تر اے سیز کے کمپریسر اور دیگر پرزہ جات چوری کر لئے گئے ہیں ۔بعض سپلٹ اے سیز کے آؤٹ ڈور غائب کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث ہسپتالوں کی انتظامیہ تمام تر کوششوں کے باوجود وارڈوں ،آئی سی یوز اور سی سی یوز میں اے سی چلانے میں ناکام ہو گئی ہے ۔اسی طرح سرجیکل وارڈوں اور آرتھو پیڈک وارڈز جہاں زخمی آپریشن زدہ مریضوں کی اکثریت زیر علاج ہوتی ہے اور انہیں گرمی کی بجائے ان کے زخم درست کرنے کے لئے کم درجہ حرارت پر مشتمل ٹھنڈے کمروں کی اشد ضرورت ہوتی ہے ۔مگر ایئرکنڈیشن نہ چلنے سے ان وارڈوں میں شدید حبس اور گرمی کے باعث مریضوں کے زخم خراب ہو جاتے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ شہر لاہور میں واقع ہسپتالوں جن میں جنرل ،جناح ،گورنمنٹ ہسپتال شاہدرہ ،سید مٹھا ،گورنمنٹ کورٹ خواجہ سعیدڈسٹرکٹ ہسپتال میاں منشی ،لیڈی ولنگڈن ،لیڈی ایچی سن ،گورنمنٹ میاں میر ،ڈسٹرکٹ ہسپتال غازی آباد سرفہرست ہیں یہاں 80فیصد ایئر کنڈیشن کام نہیں کر رہے ۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چند سال قبل صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ہسپتالوں میں اربوں روپے کی لاگت سے مریضوں کو ٹھنڈے وارڈ مہیا کرنے کے لئے ایئر کنڈیشن سسٹم لگوائے تھے۔ذرائع کے مطابق ہسپتالوں میں بد انتظامی کے باعث ایئر کنڈیشنز کی ا کثر یت ناکارہ بنا دی گئی ہے ۔بعض ہسپتالوں کے اندر ایئر کنڈیشنز کی سالانہ سروس اور مرمت کے نام پر جن کمپنیوں کو ٹھیکے دیئے گئے تھے ان کی اکثریت نے فرضی بل پاس کروائے اور سروس نہیں کی اور ہسپتالوں کے مافیا کے ساتھ مل کر قیمتی پرزے نکلوا کر لے گئے ہیں ۔زیادہ تر کمپنیوں نے ایئر کنڈیشنز میں انتہائی گھٹیا اور غیر معیاری گیس اور غیر معیاری کمپریسرز ڈالے جس سے اے سی ناکارہ ہو گئے ۔اب صورتحال یہ ہے کہ ہسپتالوں میں اے سیز کی اکثریت بند پڑی ہے ۔اس حوالے سے مشیر صحت خواجہ سلیمان رفیق کا کہنا ہے کہ ایسے ہسپتال جہاں ایئر کنڈیشنز خراب ہیں یا چلے ہی نہیں ان کی تحقیقات جاری ہیں ۔بعض کی تحقیقات اینٹی کرپشن اور بعض کی محکمہ صحت کر رہا ہے جیسے جیسے رپورٹس آئیں گی کارروائی کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...