دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نئی نسل کو جدوجہد کرنا ہو گی،طاہر محمود اشرفی

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نئی نسل کو جدوجہد کرنا ہو گی،طاہر محمود اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نگار خصوصی)انتہاپسندی،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نوجوان نسل کو جدوجہد کرنی ہوگی۔ اسلام ، قرآن اور جہاد کے نام پر نوجوان نسل کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کی طرف راغب کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد خلفائے راشدینؓ میں پاکستان طلباء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے تقریری مقابلہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس مو قع پر مفتی ریاض جمیل ،مولانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا اسلم قادری،قاری عبد الحکیم اطہر ،مولانا حسین آزاد،مفتی شہباز عالم فاروقی ودیگر بھی موجود تھے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے قیام میں مسلمانوں اور غیر مسلموں نے مل کر جدوجہد کی ۔ پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں غیر مسلموں کو یقین تھا کہ مسلمان مدینہ منورہ کی ریاست کی طرح ان کے حقوق کے محافظ بنیں گے اور ان کو تمام حقوق حاصل ہوں گے ۔ آج بعض جماعتوں اور گروہوں کی وجہ سے نوجوان نسل اسلام کی اعتدال کی تعلیم سے دور ہوکر انتہاپسندی کی طرف راغب ہورہی ہے ۔ہمیں نوجوان نسل کو دہشتگردی اور جہاد کا فرق بتانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاد مظلوم انسانیت کو تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ دہشتگردی کا نشانہ بے گناہ افراد بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس عربیہ کے طلباء کو دینی تعلیم کیساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی حاصل کرنی چاہئے۔لہٰذا اسلام کے پیغام امن،محبت ،رواداری کو عام کرنے کیلئے بھر پور جدوجہد کرنی ہوگی۔