اے ٹی آئی اگست کے اختتام تک ’’نظریہ پاکستان مہم ‘‘ جاری رکھے گی،ریحان طاہر

اے ٹی آئی اگست کے اختتام تک ’’نظریہ پاکستان مہم ‘‘ جاری رکھے گی،ریحان طاہر

لاہور(خبر نگار خصوصی)انجمن طلباء اسلام پاکستان کے مرکزی سیکریڑی جنرل ریحان طاہر قادری نے کہا ہے کہ اے ٹی آئی اگست کے اختتام تک ’’نظریہ پاکستان مہم ‘‘ جاری رکھے گی۔ مہم کے دوران چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں تحفظ پاکستان کانفرنسیں اور محبت پاکستان ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ مختلف شہروں میں تحریک پاکستان کے موضوع پر تحریری و تقریری مقابلے بھی کروائے جائیں گے اور’’ تحریک پاکستان میں علماء و مشائخ کا کردار ‘‘ کے موضوع پر سمینارز بھی منعقد کئے جائیں گے۔جشن آزادی کے سلسلہ میں اے ٹی آئی کے دفاتر پر چراغاں کیا جائے گا۔

اور چوکوں میں پاکستانی پرچم لہرانے کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اے ٹی آئی کا ہر عہدیدار و کارکن اپنے سینے پر پاکستانی پرچم کا بیج آویزاں کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اعلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریحان طاہر قادری نے کہا کہ کانگریسی ملاؤں نے آج تک پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ آج پھر پاکستان کو تحریک آزادی والے جذبے کی ضرورت ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش کے مقابلے کیلئے گروہ بندی نہیں صف بندی کی ضرورت ہے۔ حکمران قائد اعظم کے راستے سے ہٹ چکے ہیں۔ پوری قوم یوم آزادی پر استحکام پاکستان کیلئے تجدید عہد کرے۔ قوم گورے انگریزوں سے آزادی کے بعد کالے انگریزوں کی غلامی میں آچکی ہے۔ قیام پاکستان کے وقت ایک قوم کو ملک کی اور آج ایک ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے۔ہم نے پاکستان جیسے عطیہ خداوندی کی قدر نہیں کی۔ محبتِ پاکستان کے جذبے کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔استحکام وطن کیلئے قوم کا اتحاد ضروری ہے۔پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کیلئے کردار ادا کریں۔ اسلام و پاکستان سے محبت کو دوسر ی تمام محبتوں پر غالب کرنا ہوگا۔مرکزی سیکریڑی اطلاعات سید وقار علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام مشیت خداوندی کا ایک جغرافیائی اظہار ہے۔ قیام پاکستان کے مقاصد پورے کرنے کیلئے نفاذ نظام مصطفی ضروری ہے۔ قوم پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے متحد ہو جائے۔ حکمران نظریہ پاکستان کو فراموش نہ کریں ۔ استحکام پاکستان کیلئے علاقائی اور صوبائی تعصبات کا خاتمہ کر نا ہو گا۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہو نگے ۔اجلاس سے محمد اکرم رضوی ،طیب شیخ ،عزیز بخاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔۔۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...