پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس احتساب سے فرار حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے ، عبدالعلیم

پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس احتساب سے فرار حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے ، ...

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف سرکاری ریفرنس در حقیقت چور مچائے شو ر اور احتساب سے فرار حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے ،کڑا احتساب بھر پور عوامی مطالبہ ہے جس کا اظہار 7اگست سے شروع ہونے والی ملک گیر تحریک میں کھل کر سامنے آئے گا ،انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو عمران خان کا فوبیا چین کی نیند سونے نہیں دے رہا اور وزارتیں حاصل کرنے کے خواہشمند حکمرانوں کی کاسہ لیسی میں اس قدر آگے نہ جائیں انہیں وزارتوں کی بھیک پھر بھی نہیں ملے گی ۔عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی انصا ف مرکز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ در حقیقت حکومت اپنی تین سالہ ناکامی چھپانے کیلئے نان ایشوز کو اچھال رہی ہے اور اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے عمران خان اور جہانگیر خان ترین کے خلاف ریفرنس دائر کر کے اپنی خفت مٹانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔

پی ٹی آئی کی تحریک انشاء اللہ منطقی انجام تک پہنچے گی اور حکمرانوں کا احتساب ہو کر رہے گا۔ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ ایا ز صاد ق دوسروں کی بجائے پہلے اپنی اہلیت پر غور کریں ،نواز لیگ کا ریفرنس مضحکہ خیز ہے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ نواز لیگ این اے 122کا ضمنی الیکشن ہار چکی تھی جسے دھاندلی کے ذریعے جتایا گیا ہے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں ایم پی اے مراد راس ،ولید اقبال ،علی امتیاز ورائچ ،یاسر گیلانی ،نواز نت ،عاطف چوہدری ،محمد وقاص اور نسیم زہرا نے عبدالعلیم خان کو سنٹرل پنجاب کا صدر بننے پر مبارکباد دی پھول اور مٹھائی پیش کی اور پارٹی کے مضبوطی کیلئے اکھٹے چلنے کا اعلان کیا ۔عبدالعلیم خان نے اُن سب کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی رہنماؤں سے 7اگست سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیا ل کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...