اے کیو خان ہسپتال کے زیر اہتمام صحت کی سہولیات کے موضوع پر سیمینار

اے کیو خان ہسپتال کے زیر اہتمام صحت کی سہولیات کے موضوع پر سیمینار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر)ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں ’’صحت کی سہولیات سب کیلئے۔۔ مگر کیسے؟‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان تھے۔ سیمینار میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر محمد سعید، مشیر صحت وزیراعلیٰ پنجاب خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر سعید الٰہی، چیئرمین شیخ زید ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان و دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے اکیلی حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔ اس مقصد کیلئے پرائیویٹ سیکٹر اور رفاحی اداروں کو آگے آنا ہوگا۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ فلاحی اداروں کی مدد کرے اور انہیں سہولیات فراہم کرے تاکہ شہریوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں انقلاب لانے کیلئے ہم حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہیں ۔


اور میں لاہور میں 300بیڈز پر مشتمل ہسپتال بنا رہا ہوں لیکن حکومت اس منصوبے کی تعمیر میں تعاون نہیں کر رہی۔ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت سے اپنے کیلئے کچھ نہیں مانگا۔ میں صرف غریب مریضوں کو مدد کیلئے ایک ایسا ہسپتال بنا رہا ہوں جہاں صحت کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے غریب مریضوں کو علاج معالجے میں انتہائی دشواری کا سامنا رہتا ہے۔ ان مشکلات کا دیکھتے ہوئے میں نے ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مدد کرے تو وہ ملک بھر میں غریبوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے ساتھ بنا کر دے سکتے ہیں۔ جہاں پر ان کا مفت علاج کیا جائے گا۔