کراچی میں بارش:کرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق ،400سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے

کراچی میں بارش:کرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق ،400سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آئی این پی)کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو ہونے والی بارش شہریوں کیلئے رحمت کی بجائے زحمت بن گئی ،بارش سے موسم تو خوشگوار ہوگیا تاہم بجلی کا کرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کے الیکٹرک کے 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ، مختلف علاقوں میں تیز بارش سے پانی جمع ہوگیا شہر کی مرکزی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،بارش سے سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی مقامات پر موٹرسائیکل سواروں کے سلپ ہونے کے واقعات میں بعض موٹرسائیکل سوار افراد معمولی زخمی بھی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کراچی کے مختلف علاقوں نیو کراچی، نارتھ کراچی، گلبرگ، ایف بی ایریا، آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، ایم اے جناح روڈ، اولڈ سٹی ایریا، شاہ فیصل، ملیر، ایئرپورٹ، شاہراہ فیصل، ڈیفنس اور قیوم آباد سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش سے شہر میں ٹھنڈی ہوائی چلنے لگیں اور کالی گھٹاؤں نے بسیرا کرلیا۔بارش کے باعث گلستان جوہر،قلندری باڑہ اور دیگر علاقوں میں کرنٹ لگنے کے باعث تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔کراچی کے خوشگوار موسم کا مزہ لینے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد باہر نکل آئی جب کہ موسم کا لطف اٹھانے کے لیے شہریوں نے ساحل سمندر کا بھی رخ کیا تاہم شہر میں بارش سے ایک بار پھر شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، کئی علاقوں میں تیز بارش سے پانی جمع ہوگیا جب کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جس سے بعض موٹرسائیکل سوار افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔دوسری جانب شہر میں بارش کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگئی، کے الیکٹرک کے 400 سے فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے لانڈھی،کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، قیوم آباد اور صدر سمیت کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔


دھابیجی، گھارو اور پپری واٹر پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا جس سے شہر کو 7 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

مزید :

علاقائی -