گھبرانے والے نہیں جیلوں میں جانے کیلئے تیار ہیں، محمودالرشید
لاہور( نمائندہ خصوصی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، عمران خان پر ریفرنس دائر کرنا الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے، تحریک انصاف پیچھے نہیں ہٹے گی ، وزارت لینے کے شوقین افراد اپنا شوق پورا کر لیں ،کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے7اگست قریب آ رہی ہے ویسے ویسے حکمرانوں میں بے چینی کی لہر بڑھ رہی ہے، تھانوں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی فہرستوں کی تیاری کی جا رہی ہے گھبرانے والے نہیں جیلوں میں جانے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے حکومت پنجاب کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پر امن احتجاج میں رکاوٹ ڈالی گئی تو ذمہ دار حکومت ہو گی لہٰذا حکومت پر امن تحریک میں رکاوٹیں ڈالنے اور کارکنوں کو ہراساں کرنے سے اجتناب کرے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کا بنیاد ی مقصد کرپشن فری پاکستان بنانا اور ملکی دولت لوٹنے والوں کو کڑے احتساب کے دائرے میں لانا ہے تا کہ آنے والی نسل کرپشن فری نئے پاکستان میں آنکھ کھولے۔