ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور عملے کی بحفاظت بازیابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی :شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کرنل (ر) شفیق الرحمن ، فلائٹ انجینئرکرنل (ر) ناصر محمود کی رہائش گاہ عسکری 10 اورپائلٹ کرنل (ر) صفدر حسین کی رہائش گاہ سٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی گئے۔ وزیراعلیٰ نے کرنل (ر) شفیق الرحمن، کرنل (ر) ناصر محموداور کرنل (ر) صفدرحسین کے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے افغانستان کے علاقے لوگر میں ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پراہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں نے حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے عملے کی بحفاظت بازیابی کیلئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت ہیلی کاپٹر کے عملے کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ذرائع استعمال کر رہی ہے اور امید ہے کہ یہ کوششیں بارآور ثابت ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کرنل (ر) شفیق الرحمن، فلائٹ انجینئر کرنل (ر) ناصر محموداور کرنل (ر) صفدرحسین کے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے علاقے لوگر میں ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے لیکن اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ تمام عملہ محفوظ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہیلی کاپٹر کے عملے کی بحفاظت بازیابی کیلئے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہی ہے اوراس ضمن میں موثر اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ ہیلی کاپٹر کا عملہ جلد بحفاظت بازیاب ہوسکے اورمیں خود بھی اس ضمن میں متعلقہ وفاقی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ہیلی کاپٹر کے عملے کو بحفاظت واپس لانا ہے اور مجھے یقین اورامید ہے کہ جلد اچھی خبر ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور دیگر عملے کی بحفاظت بازیابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اورمیں اس ضمن میں وزیراعظم محمد نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پائلٹس اوردیگر عملے کی محفوظ بازیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ذرائع استعمال کرے گی اوراس ضمن میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھی آپ لوگوں سے ہمدردی کا پیغام بھیجاہے اور حکومت ہیلی کاپٹر کے عملے کو بحفاظت بازیاب کرانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ کرنل (ر) شفیق الرحمن، فلائٹ انجینئر کرنل (ر) ناصر محموداور کرنل (ر) صفدرحسین کے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے عزیزواقارب کی بحفاظت واپسی کیلئے جس طرح خلوص نیت سے کاوشیں کررہے ہیں ہمیں پوری امید ہے کہ ہمارے پیارے جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔