میڈیا جمہوری اقدار کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے :پرویز رشید

میڈیا جمہوری اقدار کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے :پرویز رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور آزادی صحافت اور عوام کی آراء کے حق پر کبھی کوئی پابندی قبول نہیں کرے گی، میڈیا جمہوری اقدار کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ جمعہ کو یہاں اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز گورننس میں شفافیت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری سمیت سب کو شفافیت کے اصول کو اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کی حکمرانی کو سربلند رکھنا چاہئے، میڈیا اپنی صفوں میں ان افراد کی نشاندہی کرے جو آئین کو نقصان پہنچانے اور پارلیمانی جمہوریت کو بدنام کرنے کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کوریج کرنے میں توازن کی عکاسی کریں۔ حکومت نے میڈیا کو سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے جو سمجھتی ہے کہ جمہوریت اور آزادی صحافت ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان اس بات کو یقینی بنائیں کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی تنخواہوں کے معاملہ کو جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے اے پی این ایس کو یقین دلایا کہ وزارت میڈیا کی صنعت کی بہتری کیلئے اپنی تمام کوششیں جاری رکھے گی اور ایک آزاد اور ذمہ دار میڈیا کیلئے ان کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اشتہارات کے معاملہ سے متعلق اے پی این ایس کے مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لے گی۔

مزید :

صفحہ اول -