میئر تو کراچی والوں کا ہی ہو گا ، شہریوں کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں ، فاروق ستار

میئر تو کراچی والوں کا ہی ہو گا ، شہریوں کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں ، فاروق ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میئر تو کراچی والوں کا ہی ہو گا، وہ شہریوں کو پیشگی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وسیم اختر بھائی انشاء اللہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ آزاد یونین کونسل چیئرمینز سے بھی رابطہ کریں گے۔ وہ جمعے کو ایکسپو سینٹر میں پرائم ایونٹ منیجمنٹ کے تحت جاری تین روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کی اختتامی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفت گو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پرائم ایونٹ منیجمنٹ کامران عباسی، عمران عباسی اور سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر محمد علی عباسی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سید قائم علی شاہ نے جس طرح سولو فلائٹ کی تھی ، اس سے دوریاں پیدا ہوئیں۔ مراد علی شاہ کے جذبہ خیر سگالی کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن اب ان کا کام اور اقدامات ہی بولیں گے۔ سندھ کا مینڈیٹ تقسیم ہے۔ دیہات میں پاکستان پیپلز پارٹی اور شہروں خصوصا کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پاس مینڈیٹ ہے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت میں سرکاری ملازمتوں اور ترقیاتی فنڈز میں کراچی کو نظرانداز کیا گیا۔ جائز حصہ نہیں دیا گیا۔ رینجرز کارروائیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران آئین و قانون کی پاسداری اور انسانی حقو ق کا ہر حال میں احترام ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آئینی اور ریاستی اداروں کے سربراہان ایم کیو ایم کے تحفظات اور شکایات کی کسی تیسرے غیرجانبدار فریق سے تحقیقات کرالیں۔ اگر ہمارے تحفظات درست ہیں تو انہیں دور کریں ورنہ پھر انہیں جھوٹا ثابت کریں۔ پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی مہم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کا مینڈیٹ بھی منقسم ہے۔ کسی بھی ایسی مہم سے پہلے اگر وہ واقعی قومی مفاد میں ہے، تمام جماعتوں کو شامل کر کے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ تحریک انصاف اگر احتجاج کرنا چاہتی ہے تو پہلے قومی اتفاق رائے پیدا کرے۔ پاک فارما ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایسے ایونٹس کا انعقاد خوش آئند اور اس سیکٹر کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس شعبے کا ملک کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ہے۔ ہمیں اب زراعت اور صنعت سے نکل کر ان شعبوں پر بھی توجہ دینی چاہیے جن کی اہلیت ہمارے لوگوں میں ہے۔ اب فارما انڈسٹری کی مشینری اور آلات کی تیاری پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ اس موقع پر کامران عباسی نے بتایا کہ تین روزہ نمائش میں فارما انڈسٹری سے متعلق مشینری اور آلا ت رکھے گئے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ نمائش اب ہر سال منعقد ہوتی رہے گی۔

فاروق ستار