بھارتی فوج نے کشمیری عوام پر درندگی کی انتہا کردی ہے،سردار محمد یعقوب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے معصوم کشمیری عوام پر درندگی کی انتہا کردی ہے ۔بھارتی فورسز ایک مخصوص ہتھیار پیلٹ گن استعمال کرکے کشمیریوں سے ان کی بینائی چھین رہی ہیں ،جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔وہ جمعہ کو کراچی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی اور معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔صدر آزاد کشمیر نے عبدالستار ایدھی اور امجد صابری کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے طاقت کے ذریعہ کشمیریوں کی جدوجہد کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعات پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت پاکستان کو مزید کوششیں کرنی ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے دکھی انسانیت کی مدد کے لیے خدمات انجام دی ہیں ۔ایدھی صاحب کا مشن جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ امجد صابری دنیا بھر کی پہچان تھے اور انہوں نے فن قوالی کے ذریعہ امن کا پیغام دنیا میں عام کیا ۔ان کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے ۔
سعد رفیق