آئی جی پی کے زیر صدارت ریجنل پولیس افسروں کا اعلیٰ سطحی اجلاس

آئی جی پی کے زیر صدارت ریجنل پولیس افسروں کا اعلیٰ سطحی اجلاس

پشاور(کرائمز رپورٹر)آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی کی سربراہی میں ریجنل پولیس آفسروں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں پولیس آرڈریننس 2016 پر اس کی اصلی روح کے مطابق عمل درآمدکے لیے لائحہ عمل تیار کرنے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس کے دوران آئی جی پی نے تمام ریجنل پولیس آفسروں کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ضلعی پولیس افسروں (DPO) کے ذریعے ڈسٹرکٹ اسمبلی کے ارکان کو پولیس کارکردگی، پولیس اصلاحات اور عوامی سہولیات کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں میں تفصیلی بریفنگ کا اہتمام کریں۔ اسی طرح انہیں ضلعی پولیس افسروں کے ذریعے متعلقہ ضلعی ناظمین کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے اور اُن کی مشاورت سے ان کے علاقے میں ٹریفک پلان ترتیب دینے اور انہیں مونسپل سروسز کی تمام سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلانے کے بارے میں بھی ہدایت کی کئی۔ تمام ضلعی پولیس افسروں کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ ایس ایچ اُو کو اس امر کا پابند بنائیں کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں فوری طور پر پولیس لیزان کو نسل کے اجلاس منعقد کریں۔ جن میں اُن کو اُن کے اختیارات اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کریں۔ ضلعی پولیس آفسروں کو پولیس آرڈیننس کے تحت بننے والے مختلف کمیشنزاور اتھارٹیز کے بارے میں ضلعی ناظمین اور ضلعی اسمبلی کو آگاہ کرنے کے بارے میں بھی ہدایت کی گئی۔ اور ساتھ ساتھ اُن کو پولیس کو درپیش مسائل اور ضروریات کے بارے میں بھی بریفنگ دینے کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں وقتاً فوقتاً پولیس کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کئے گئے مختلف پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دینے اور انہیں اپنے علاقے کے معززین، وکلاء، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے لوگوں کو بُلا کر اُن کو پولیس آرڈیننس 2016 کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...