اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے،حکومت کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے :سینیٹر سراج الحق

اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے،حکومت کو احتساب سے بھاگنے کا موقع ...
اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے،حکومت کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے :سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور 2018کے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ووٹ کاسٹ کرنے کا انتظام کرے۔90لاکھ اوور سیز پاکستانی اسلام اور پاکستان کے سفیر ہیں انہیں مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی قراردادوں سے آگاہ کرنا چاہئے،اوور سیز پاکستانی بیرون ملک سرمایہ کاری کے بجائے اپنا سرمایہ ملک میں لگائیں انہیں کرپشن اور کرپٹ نظام کے خاتمہ کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔

منصورہ میں ’’اوورسیز پاکستانیوں‘‘ کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی سالانہ 19ارب ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں مگر یہاں کے کرپٹ حکمران وہی پیسہ لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروادیتے ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی کا ملک و قوم کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اسی کرپٹ نظام سے ڈرتے ہوئے پاکستان سے باہر سرمایہ کاری کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے نجات دلانے کیلئے اپنے کاروبار پاکستان میں منتقل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھربوں روپیہ پاکستان بھجوانے والوں کو ووٹ کا حق نہ دیکر ملک میں دیانتدار قیادت کے انتخاب سے بھی محروم رکھا جاتا ہے، بڑی سیاسی جماعتوں کے مطالبے کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا ناقابل فہم ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت احتساب کیلئے تیار نہیں اور محض بیانات سے وقت کو ٹال رہی ہے ،لیکن کرپشن کے ڈسے ہوئے عوام حکومت کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے۔حکومت کوعوام کے مطالبے کے سامنے سرجھکانا اور کمیشن بنانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ و دو سابقہ حکومتوں کواحتساب کے کٹہرے میں لایا جائے تو پاکستان سے لوٹے گئے اربوں ڈا لر کا سراغ مل جائے گا۔

مزید :

قومی -