قومی ٹیم میں واپسی :سلمان بٹ کے چاہنے والے دوبارہ متحرک

قومی ٹیم میں واپسی :سلمان بٹ کے چاہنے والے دوبارہ متحرک

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) سلمان بٹ کے چاہنے والے دوبارہ متحرک ہو گئے، فکسنگ میں سزا یافتہ بیٹسمین کوانگلینڈ لائنزسے سیریزکیلئے اے ٹیم میں شامل کرانے کی کوشش شروع کردی گئی۔پاکستان اے اور انگلینڈ لائنز کے مابین سیریز آئندہ ماہ یواے ای میں کھیلی جائے گی،ان مقابلوں کا مقصد باصلاحیت کرکٹرز کو مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کرنا ہے۔سلیکٹرز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں جاری ہائی پر فارمنس کیمپ میں شریک باصلاحیت کرکٹرزکی تکنیک، مہارت اور فٹنس پر نظر رکھے ہوئے ہیں، دوسری طرف حیران کن طور پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010کے مرکزی کردار سلمان بٹ کو بھی ٹیم میں شامل کرانے کی مہم شروع ہوگئی۔ ان کے بعض چاہنے والے خاصے متحرک ہیں۔اوپنر نے برطانیہ میں جیل کی ہوا کھائی، آئی سی سی کی جانب سے5سالہ پابندی بھی عائد ہوئی، یہ مدت مکمل ہونے کے بعد انھیں جنوری 2016 میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی گئی تھی،اچھی فارم کا مظاہرہ کرنے کے بعد سلمان بٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی توجہ کا مرکز بھی بنے۔

لیکن پی ایس ایل ٹو میں شرجیل خان، خالد لطیف،شاہ زیب حسن اور ناصر جمشید کا اسپاٹ فکسنگ کیس سامنے آنے کے بعد پیدا ہونے والی فضا میں انھیں ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اب ایک بار پھر اوپنر کو انگلینڈ لائنز کیخلاف موقع دلانے کی کوشش ہو رہی ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی