پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا بھارت کو تحریری مراسلہ

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا بھارت کو تحریری مراسلہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کو دورہ پاکستان کے حوالے سے تحریری طور پر مراسلہ بھجوایا ہے کہ وہ 31 اگست تک ہمیں آگاہ کرے کہ وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں یا نہیں تاکہ ہم کسی اور ملک کے ساتھ سیریز طے کریں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے ’’میڈیا‘‘ کو بتایا کہ پی بی سی سی اور بھارت بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے درمیان رواں سال جنوری میں دبئی میں منعقدہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے دوران معاہدہ طے پایا تھا کہ بھارتی ٹیم رواں سال دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ کونسل کے صدر نے اس حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ابھی تک انہوں نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارتی بلائنڈ کرکٹ کونسل کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے جس میں اس سے کہا گیا ہے کہ وہ پی بی سی سی کو 31 اگست تک تحریری طور پر آگاہ کرے کہ وہ دورہ کرے گی یا نہیں تاکہ ہم کسی اور ٹیم کے ساتھ سیریز طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم اس سے قبل 2004، 2011 اور 2014 میں پاکستان کا دورہ کر چکی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی