یمن میں حوثی باغیوں نے تین سال میں 10 لاکھ بارودی سرنگیں بچھا ئیں

یمن میں حوثی باغیوں نے تین سال میں 10 لاکھ بارودی سرنگیں بچھا ئیں

صنعاء (این این آئی)یمن میں قانونی حکومت کے خلاف مسلح باغیانہ جنگ برپا کرنے والے حوثی شیعہ باغیوں نے گذشتہ تین سال کے دوران میں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں دس لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں ۔ان کے دھماکوں کے نتیجے میں 216 بچوں سمیت 1194 شہری مارے گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے یمن میں بارودی سرنگیں تلف کرنے کے منصوبے (ماسام) کے اعلیٰ عہدے دار نے بتائی ۔ماسام جنگ زدہ یمن کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ یمنی شہریوں کی جانوں کا تحفظ کیا جاسکے اور ہنگامی انسانی امداد کی متاثرین تک بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ماسام کے ڈائریکٹر جنرل اسامہ القصیبی نے بتایا کہ دو ہفتے قبل اس منصوبے کے آغاز کے بعد سے تعز ، بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے ، بیہان ، عصیلان ، صعدہ ،شبوہ اور مآرب میں 919 بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان میں بعض بارودی سرنگوں پر بین الا قوامی سطح پر پابندی عاید ہے۔ان سے بکتر بند گاڑیوں کو دھماکوں سے اڑایا جا سکتا ہے۔

حوثیوں نے یہ بارودی سرنگیں مختلف ذرائع سے حاصل کی تھیں اور ان میں سے 288 مقامی ساختہ یا ایران ساختہ تھیں۔

مزید : عالمی منظر