اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام ، سعودی عرب کا کینیڈین سفیر کو ملک چھوڑنے کاحکم، تجارتی امور معطل

اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام ، سعودی عرب کا کینیڈین سفیر کو ملک ...
اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام ، سعودی عرب کا کینیڈین سفیر کو ملک چھوڑنے کاحکم، تجارتی امور معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب نے کینیڈین وزیرخارجہ کے متنازع بیان کے بعد کینیڈا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے اوٹاوا کے ساتھ تمام تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور معطل کردیئے،سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گہا کہ ’کینیڈا کے سفیر کو 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم صادر کردیا گیا ہے تاہم کینیڈا سے سعودی سفیر کو بھی واپس بلالیا ہے‘۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے ٹوئٹ کیا کہ ’سعودی عرب اپنے داخلی امور میں کسی بھی نوعیت کی بیرونی مداخلت برداشت نہیں کرے گا‘۔انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کینیڈا میں اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلا رہا ہے‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے داخلی امور میں کینیڈا کی مداخلت عالمی قوانین اور ضابطوں کے منافی ہے‘۔

سعودی عرب کی جانب سے مذکورہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب کینیڈا کے وزیر خارجہ اور کینیڈین ایمبیسی نے سعودی حکام پر زور دیا کہ سول سوسائٹی کے ارکان کو ’فوری طور پر رہا‘ کیا جائے۔کینیڈین سفارتخانے نے جمعے کوسوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیا کہ ’ہم سعودی حکام پر زور دیتے ہیں کہ پر امن طریقے سے تمام زیر حراست سماجی رکن کو رہا کردیا جائے‘۔دوسری جانب کینیڈا کے وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے اقدام سے متعلق بات کرنے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہیومن رائٹس واچ نے سعودی حکام کی جانب سے صنفی امتیاز کے لیے فعال اور ایوارڈ یافتہ خاتون کارکن سم بدوی اور ان کی ساتھی خاتون کارکن نسیم الصدا کو گرفتار کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔