کراچی ایئر پورٹ پر نبیل گبول کا شہری سے جھگڑا اور ہاتھا پائی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول کا شہری سے جھگڑا ہوا جس پر پی پی رہنما نے شہری کو دھکے دے کر زمین پر پھینک دیا۔نبیل گبول اور شہری کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور معاملہ دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔اس دوران نبیل گبول طیش میں آگئے اور شہری کو دھکے دیئے جس پر وہ زمین پر جاگرا جب کہ اس دوران شہریوں نے نبیل گبول کے رویئے کی ویڈیو بھی بنالی تاہم متاثرہ مسافر ائیرپورٹ کے عملے کو بلاتا رہا لیکن کوئی اس کی مدد کو نہ آیا۔پولیس کے مطابق جھگڑے سے متعلق ائیرپورٹ تھانے میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا جب کہ نبیل گبول یا کسی مسافر نے بھی کارروائی کے لیے درخواست نہیں دی۔دوسری جانب نبیل گبول نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں اس شخص کو بالکل نہیں جانتا، یہ شخص دبئی ائیرپورٹ پرپاکستانی سیاستدانوں کوگالیاں دے رہا تھا، میں نے پہلے اس شخص کو سمجھایا مگر اسے سمجھ نہیں آیا، میرے سمجھانے پر وہ مجھ سمیت دیگرمسافروں سے الجھا۔انہوں نے کہاکہ کراچی ائیر پورٹ پراس شخص نے مجھے برا بھلا کہاجس پر میں نے اسے دھکا دیا۔
جھگڑا ،ہاتھا پائی