پنجاب میں پی ٹی آئی کی ممکنہ حکومت کیساتھ ہی بیوروکریسی کارویہ تبدیل

پنجاب میں پی ٹی آئی کی ممکنہ حکومت کیساتھ ہی بیوروکریسی کارویہ تبدیل

لاہور(آئی این پی)پنجاب میں تحریک انصاف کی ممکنہ حکومت کے ساتھ ہی بیوروکریسی کے رویوں میں بھی تبدیلی آگئی’ محکمہ بلڈنگ نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی نئی عمارت کا چھ سال سے زیر تعمیر منصوبہ مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے 2010 میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے لئے کالا شاہ کاکو میں 50 ایکڑ اراضی ایکوائر کی تھی جبکہ 2012 میں عمارت کی تعمیر کے لئے محکمہ بلڈنگ کو 64 کروڑ کے فنڈزمختص کرکے 2015 تک منصوبہ مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا۔محکمہ بلڈنگ کے افسران کی لاپرواہی سے 2015 سے اب تک عمارت مکمل نہ ہوسکی،15جولائی 2018 کی آخری تاریخ بھی گزر گئی محکمہ بلڈنگ کے ایس ڈی اوعبدالقیوم کو منصوبہ مکمل نہ کرنے کے باوجود ایکسیئن کے عہدے پر ترقی مل گئی۔ محکمہ بلڈنگ کے اوور سینئرعمران کی غفلت اور لاپرواہی بھی منصوبہ کی تاخیر کا باعث بنی رہی جبکہ زیر تربیت ججز پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی نئی عمارت کا منصوبہ جلد مکمل ہونے کے منتظر رہے وفاق اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی ممکنہ حکومت بننے کے پیش نظر سرکاری عہدیداروں نے پھرتیاں دکھانی شروع کردیں ہیں۔ محکمہ بلڈنگ نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نئی عمارت کے اکیڈمک اور ایڈمن بلاک چھ ہفتوں میں اور ہوسٹل سمیت دیگرعمارت کا کام31 دسمبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ بلڈنگ کے افسران کی غفلت اور لاپرواہی سے منصوبہ 6سال تک تاخیر کا شکار رہا جبکہ لاگت 64 کروڑسے بڑھ کر 90 کروڑ تک پہنچ گئی ہے محکمہ بلڈنگ کی جانب سے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے زیرالتوا منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے فیصلے سے مزیدلاگت میں بچت ہونا بلاشبہ خوش آئند ہے۔

رویہ تبدیل

مزید : صفحہ آخر