جعلی مینڈیٹ والی حکومت خود اپنا بوجھ برداشت نہیں کرسکے گی ،احسن اقبال

جعلی مینڈیٹ والی حکومت خود اپنا بوجھ برداشت نہیں کرسکے گی ،احسن اقبال

لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں ملک معاشی طور پر ٹیک آف کی پوزیشن پر آچکا تھا ،انتخابات میں ایک جماعت کو کامیاب کرانے کیلئے جس طرح دھاندلی کی گئی اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ، جعلی مینڈیٹ والی حکومت خود اپنا بوجھ برداشت نہیں کرسکے گی ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے منشور اور سو روزہ ایجنڈے میں جو اعلانات کئے ہیں انہیں وہ یاد کراتے رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) نے دن رات کی کاوشوں کے بعد ملک سے توانائی کا بحران ختم کیا ، دہشتگردی کے ناسور کو نکیل ڈالی ، آئی سی یو میں پڑی ہوئی معیشت ہمارے دور میں چلنے کے قابل ہوئی اور ٹیک آف کی پوزیشن میں تھی ۔ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے ایسا شخص کیسے 22کروڑ عوام کے ملک کے معاملات چلا سکتا ہے۔ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے اور حکومت کا کڑا احتساب کریں گے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے جس طرح آزاد امیدواروں کو ساتھ ملایا جارہا ہے اس سے جمہوریت کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

احسن اقبال

مزید : صفحہ آخر