متحدہ اور پی ٹی آئی نے عجلت میں نکاح کیا ، جلد طلاق ہو گی، منظور وسان

متحدہ اور پی ٹی آئی نے عجلت میں نکاح کیا ، جلد طلاق ہو گی، منظور وسان

کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور حسین وسان نے پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے عجلت میں نکاح کیا ہے، وہ زیادہ دیر تک نہیں چلے گا ،بہت جلد ان کی طلاق ہوجائے گی۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی پر دھاندلی کے الزام لگا رہی تھی تعجب ہے نکاح بھی اس سے کیا۔منظور وسان نے کہا کہ جہانگیر ترین جن آزاد امیدواروں کو جہاز میں لے کر جارہے ہیں وہ واپس بس یا ٹرین میں آئیں گے۔ عمران خان نے حکومت اگر بنائی بھی تو دو سال تک چلے گی اس سے زیادہ نہیں چل پائے گی۔ عمران خان اپنے دعوے کی وجہ سے مدت پوری نہیں کر پائیں گے۔ ایک کروڑ نوکریاں اور ایک کروڑ گھر کہاں سے بنوائیں گے؟ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سینیٹ چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئے گی پر سینیٹ چیئرمین سوشل آدمی ہوگا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس سینیٹ میں اکثریت ہے۔ انہوں نے جی ڈی اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب جی ڈی اے ختم ہوگئی۔ پانچ سال بعد کسی نئے نام سے منظر پر آئے گی۔ جب جی ڈی اے والے دھاندلی کی شکایتیں کرتے ہیں تو میں سمجھتا ہوں وہ قیامت کی نشانی ہے۔ خلائی مخلوق کا نوازشریف ذکر کرتا تھا تو جی ڈی اے والے اس پر ہنستے تھے۔ منظور وسان نے کہا کہ خلائی مخلوق والے خلائی مخلوق کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ جی ڈی اے کے احتجاج کو سندھ کے عوام نے رد کردیا عوام نکلے ہی نہیں۔ہماری کمان نے فیصلہ کیاہے لوٹے نہیں لیں گے۔ سندھ میں کڑا احتساب شروع ہوگا جو پانچ سال تک چلے گا۔ صدرالدین شاہ بھی پکڑ میں آئے گا۔

منظور وسان

مزید : صفحہ آخر