ملک بھر میں گرمی اور جس بڑھنے سے بجلی کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا، لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ

ملک بھر میں گرمی اور جس بڑھنے سے بجلی کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا، لوڈشیڈنگ کے ...

لاہور(آئی این پی ) ملک بھر میں گرمی اور حبس بڑھنے سے بجلی کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سسٹم 16 ہزار 500 میگا واٹ سے زیادہ بوجھ برداشت نہیں کر سکتا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ حکومتو ں نے بجلی کی ترسیل نظام کی بہتری پر کوئی کام نہیں کیا،نیشنل ٹرانسمیشن کمپنی کی جانب سے سسٹم اپ گریڈ نہ ہونے سے بجلی کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے ، یعنی بجلی کی پیداوار طلب سے زیادہ ہوبھی جائے تو لوڈشیڈنگ کا سامنا رہے گا۔ذرائع کے مطابق لیسکو کے زیر اہتمام علاقوں میں بجلی کی طلب 3500 میگا واٹ تک پہنچ چکی جبکہ سپلائی 2850 میگا واٹ ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سسٹم اپ گریڈ نہ ہونے سے بجلی کی ترسیل میں مشکلات ہوتی ہیں۔ملک بھر میں این ٹی ڈی سی نے مختلف کیپسٹی میں ٹرانسمیشن لائن بچھا رکھی ہیں جبکہ سسٹم 16 ہزار 500 میگا واٹ سے زیادہ بوجھ برداشت نہیں کر سکتا، ملک بھر میں بجلی کی کل طلب 21 ہزار 900 میگا واٹ ہے،ہائی لاسز فیڈر پر چھ سے آٹھ جبکہ لو لاسز فیڈر پر تین سے چھ گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اورلیسکو کو 650میگا واٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

بجلی کا نظام

مزید : صفحہ آخر