پانی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے نئے ڈیم کی تعمیر یقینی ،کسان فورم

پانی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے نئے ڈیم کی تعمیر یقینی ،کسان فورم

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان کسان فورم کے ترجمان نے کہا کہ کالاباغ ڈیم تعمیر نہ ہونے سے ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان ہو رہاہے لہٰذا معاشی استحکام اور زراعت کیلئے درکار پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے بحران اور نہری پانی کی قلت کی وجہ سے ملک میں صنعت و تجارت اور زراعت کاشعبہ بے یقینی کاشکار ہے اور بڑی تعداد میں پاور لومز و دیگر صنعتی اداروں سمیت انڈسٹری کو نقصان پہنچ رہا ہے، اسی طرح ہزاروں لاکھوں ایکڑ رقبہ پر بھی فصلات کی کاشت کے مقررہ و مطلوبہ اہداف حاصل نہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کی وجہ سے ملکی معیشت کو ہر سال بھاری نقصان ہوتاہے جس پر صرف توانائی فراہم کرکے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ حکومت سستی بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے تاہم ان پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے واپڈا کے سابق چیئرمین شمس الملک کے حوالے سے بتایا کہ صرف کالا باغ ڈیم تعمیر نہ ہونے کی وجہ ملک کو نقصان ہو رہا ہے اس لئے ضروری ہے کہ توانائی کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔ انہوں نے چاول کی برآمد ات میں 8 فیصد کمی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی پیداوارمیں اضافے سے اس نقصان کو کسی حد تک کم کیا جاسکے گا، انہوں نے چینی کی فاضل پیدا وار کو برآمد کرنے پر بھی زوردیا تاکہ چاول کی برآمد ات میں کمی کے نقصان کو پورا کیا جاسکے ۔

مزید : کامرس