نادرا ملازمین کی ترقیوں میں امتیازی سلوک ، چیئر مین سے استعفی کا مطالبہ

نادرا ملازمین کی ترقیوں میں امتیازی سلوک ، چیئر مین سے استعفی کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نیوز رپورٹر) آل پاکستان نادرا ایمپلائز یونین لاہور ریجن کا ہنگامی اجلاس گزشتہ روز جنرل سیکرٹری غلام مرتضٰی کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ من پسند اور جونیئر ملازمین کی راتوں رات ترقی پر چیئرمین نادرا سے استعفی لیا جائے اور غیر سیاسی چیئرمین کی تعیناتی کی جائے ۔اجلاس میں تمام عہداروں نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے نادرا ملازمین کی ترقیوں میں امتیازی سلوک اور مبینہ کرپشن پر سو موٹو لینے کی درخواست کی ۔غلام مرتضی کا کہنا تھا کہ نادرا میں این پی ایس نادرا پے سکیل ،کنٹریکٹ ملازمین اور بنیادی پے سکیل پر ملازمین تعینات ہیں ۔ نادرا چیئرمین کیطرف سے جو حالیہ ترقیوں کا معاملہ سامنے آیا ہے اس میں قواعد وضوابط کو نظر انداز کیا گیا ۔این پی ایس اور کنٹریکٹ کے 70فیصد ملازمین کو سینارٹی نظر انداز کر کے ترقیاں دی گئیں ہیں جبکہ بیسک پے سکیل کے 10فیصد مستقل ملازمین کو ترقیاں دی گئی ہیں ۔بنیادی پے سکیل کی ترقیوں میں بھی بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں ۔من پسندافراد کو سالانہ 11انکریمنٹس کے ساتھ نوازا گیا ہے ۔ان تمام بے قاعدگیوں کے بعد چیئرمین نادرا کا عہدے پر رہنا اخلاقی جواز کھو چکا ہے اس لیے تمام نادرا ملازمین مطالبہ کرتے ہیں کہ ان سے استعفی لیا جائے ۔اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ ان ترقیوں کو کالعدم قرار نہ دیا گیا تو ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور سڑکوں پر آنے کا آپشن بھی زیر غور ہے ۔