انجینئرنگ کیر یئر کونسلنگ ایونٹ’’اوپن ڈے‘‘15 ہزارسے زائد طلبا کی شرکت

انجینئرنگ کیر یئر کونسلنگ ایونٹ’’اوپن ڈے‘‘15 ہزارسے زائد طلبا کی شرکت

لاہور(سٹی رپورٹر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر انتظام پاکستان کے سب سے بڑے انجینئرنگ کیریئر کونسلنگ ’’اوپن ڈے‘‘ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے تقریب کا افتتاح کیا۔ یو ای ٹی کی سات فیکلٹیز کے زیر انتظام 22سے زائد انڈر گریجوایٹس پروگرامز چلائے جا رہے ہیں جن میں داخلہ کے لئے اہلیت،طریقہ کار ،سکالرشپ اور فیس معافی کے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کو دستیاب لیب اور دیگرسہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد کا کہنا تھا کہ ’’اوپن ڈے ‘‘ کا مقصد یونیورسٹی میں موجود سہولیات کے مطلق آگاہی اور طلبا ء و طالبات کے ذہنی رجحا ن کے مطا بق درست ڈگری کے انتخاب کے بارے میں موثر معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا ۔ اوپن ڈے کے موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے جامعہ کے مختلف تدریسی و غیر تدریسی شعبہ جات کی جانب سے لگائے گئے معلوماتی ڈیسک کا دورہ کیا اور کہا کہ پاکستان کا مستقبل انجنیئرنگ کے شعبے پر انحصار کرتا ہے اس لئے اسکو مزید بہتر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ سی پیک منصوبوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یو ای ٹی ہنر مند انجنیئرز کو مارکیٹ کے جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں یو ای ٹی پاکستان کے ان چند اداروں میں شامل ہے جس نے پہلے دن سے سی پیک منصوبے میں اپنا عملی کردار سر انجام دیا ہے ۔انہوں نے کہا یو ای ٹی لاہور نوجوان نسل کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے تدریسی و انتظامی شعبوں میں اپ گریڈیشن کر رہی ہے، تاکہ تکنیکی تعلیم کے حصول کو آسان اور فائدہ مند بنایا جا سکے۔وائس چانسلریو ای ٹی پروفیسر فضل احمد خالد نے مزید کہا کہ یو ای ٹی میں مختلف پروگراموں میں داخلے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں تاکہ ادارے کو استحکام مل سکے۔ اس کے علاوہ جامعہ مختلف پراجیکٹس میں حصہ لے کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں بھر پور حصہ لے رہی ہے جس سے یقنی طور پر نوجوان نسل کو استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔ اوپن ڈے کے حوالے سے کنوینر اوپن ڈے نے اس کے اغراض و مقاصد بیان کیئے۔واضح رہے کے اوپن ڈے میں تدریسی شعبہ جات کے علاوہ ایڈمیشن آفس، سکالر شپ آفس ،سپورٹس آفس،کیریئر کونسلنگ آفس اور دیگر نے بھی طلبہ اور انکے والدین کو اپنے اپنے شعبے کے متعلق معلومات بذریعہ بروشرز ، بینرزاور ویڈیو فراہم کیں۔وائس چانسلر نے اوپن ڈے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر،ڈاکٹر نوید رمضان،اوپن ڈے کمیٹی کے ممبران اور دیگر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مناسب اور جدید خطور پر استوار تعلیمی ادارے کا چناؤ بہترین مستقبل کا ضامن ہوتا ہے جس سے نوجوان نسل اپنے خوابوں کی تعبیر پا سکتے ہیں اور یہ خصوصیت یو ای ٹی لاہور میں موجود ہے جسکا واضح ثبوت ملکی و غیر ملکی مارکیٹ کیلئے کئی دہائیوں سے انجینئرز تیار کرنا ہے۔ یو ای ٹی لاہورمیں مہنگے دور میں بھی بہت کم فیسیں ہیں جس سے کم آمدن والے افراد کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ کم فیس پر انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔اس حوالے سے جامعہ بخوبی جانتی ہے کہ ذہین نوجوان نسل کو کس طرح ان کی منزل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔حاضرین نے جامعہ کی جانب سے اس پروگرام کے انعقاد کو نہ صرف سراہا بلکہ امید ظاہر کی کہ اس قسم کی تقاریب کا تسلسل مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1