دیا مر ، سکول جانیوالے 2دہشتگرد ہلاک ، 2گرفتار ، آپریشن میں ایک اہلکار شہید ، حالا ت کشیدہ

دیا مر ، سکول جانیوالے 2دہشتگرد ہلاک ، 2گرفتار ، آپریشن میں ایک اہلکار شہید ، ...

چلاس(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سکول نذرآتش کرنے والے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں دوپولیس اہلکار شہید ہوگئے ، کارروائی میں دو دہشت گرد مارے اور دو گرفتار کرلئے گئے۔تفصیلات کے مطابق دیامر میں چلاس کی تحصیل تانگیر میں فورسز کی جانب سے سکولوں کو نذرآتش کرنے کیخلاف آپریشن کیا گیااس دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں بھی 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دو کو گرفتار کرلیا گیا۔گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان کے مطابق ایک ہلاک دہشتگرد کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی ہے، جو علاقے میں کمانڈر شفیق کے نام سے مشہور تھا۔ تانگیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے خودکش جیکٹ، دستی بم اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ادھر چلاس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا آپریشن میں اب تک 31 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پولیس آپریشن پر دہشت گردوں کے ہمدرد مقامی شرپسند مشتعل ہوگئے ہیں اور تھا نے پر دھاوا بول دیا ٗدو طرفہ فائرنگ کے بعد پولیس تھانے کا محاصرہ ختم کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے ،شرپسندوں نے تانگیر دیامر میں رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑکیں بند کردیں اور مورچے سنبھال لئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک طرح کی جنگی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ۔گلگت بلتستان پولیس ذرائع کے مطابق تازہ دہشت گردی میں ملوث ملزمان کے افغانستان سے تربیت یافتہ ہونے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے۔پولیس کے مطابق تعلیم کے خلاف دہشتگردی کی تحقیقات کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی دیامر گوہر نفیس کمیٹی کے چیئرمین ہیں جبکہ ممبران میں ڈی آئی جی کرائم برانچ فرمان علی، ایس پی دیامر، اے آئی جی سی ٹی ڈی اور اے ایس پی چلاس شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کا کیمپ آفس دیامر میں قائم کردیا گیا ہے۔ کمیٹی کو ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر، اے آئی جی آپریشن اور اے آئی جی لاجسٹک جی بی پولیس یہ بھی معاونت حاصل ہوگی۔کمیٹی 14 اسکول جلائے جانے کے واقعات کی تحقیقات کی نگرانی کے دوران واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا کیلئے اقدامات کرے گی۔ ان واقعات میں تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ بھی آئی جی گلگت بلتستان کو پیش کرے گی ۔یاد رہے جمعہ 3 اگست کو چلاس کے علاقے داریل اور تنگی میں دہشت گردوں نے 12 تعلیمی اداروں پر حملہ کر کے انہیں آگ لگادی تھی اور بارودی مواد سے تباہ کردیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی ۔دوسری طرف داریل میں شرپسندوں نے سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس میں جج اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے۔نجی ٹی وی کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے داریل میں مقامی عدالت کے سیشن جج ملک عنایت اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کار میں سوار تھے کہ پہلے سے گھات لگائے ملزما ن نے ان کی گاڑی پر دونوں طرف سے فائرنگ کردی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج ملک عنایت اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے۔پولیس کا کہناہے کہ سیشن جج گزشتہ روز فا ئرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دیامر

Back to Conversion Tool

مزید : کراچی صفحہ اول