لیاقت آباد،10 سالہ بچی پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق

لیاقت آباد،10 سالہ بچی پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد کے علاقے غریب آباد میں 10 سالہ بچی پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد غریب آباد میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 10 سالہ طیبہ جاں بحق ہوگئی۔ متوفیہ اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ راستے میں ہی حادثے کا شکار ہوگئی۔ متوفی کے گھر والوں نے بتایا کہ فیڈرل بی ایریا کی رہائشی طیبہ 3 بھائیوں میں سب بڑی اور تیسری جماعت کی طالبہ تھی۔بیان کے مطابق طیبہ اپنے والدین کے ساتھ موٹرسائیکل پر آگے بیٹھ کر نانی کے گھر جارہی تھی کہ لیاقت آباد انڈر بائی پاس کے قریب اس کے گلے پر قاتل ڈور پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی، اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن اتوار کا روز ہونے اور عملے کی کمی کے باعث اسپتال انتظامیہ نے انہیں عباسی شہید اسپتال جانے کا مشورہ دیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ننھی طیبہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ طیبہ کے بھائی نے بتایا کہ غیرقانونی مویشی منڈی کی وجہ سے میری بہن کو بروقت اسپتال نہیں پہنچاسکے۔ سندھ گورنمنٹ اسپتال کے پاس قائم مویشی منڈی کی وجہ سے ٹریفک جام تھا جس کے باعث ایمبولینس کوبھی جگہ نہیں دے رہے تھے۔ طیبہ کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کی طرح کراچی میں بھی ڈوربنانے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

مزید : کراچی صفحہ اول