سرکاری کواٹرز ،سروں سے چھت چھیننے کی مزاحمت کریں گے، سیف الدین

سرکاری کواٹرز ،سروں سے چھت چھیننے کی مزاحمت کریں گے، سیف الدین

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کلیم الحق عثمانی کے ہمراہ پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت مارٹن کواٹرز سمیت دیگر کواٹروں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اور ہماری طرف سے متاثرین کو ہر ممکن قانونی اخلاقی اور سیاسی مدد فراہم کی جائے گی۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے متاثرہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے کواٹرز کے مسائل کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق صاحب سے بات کی ہے اور ان کوصورتحال سے باخبر رکھا جارہا ہے ، جنہوں نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی ہے۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ سروں سے چھت چھیننے کی مزاحمت کریں گے ،متاثرین کا مسئلہ عدالت کے سامنے غلط طریقے سے پیش کیا گیا اور اس کے بہت سے اہم پہلو چھپائے گئے اس طرح عدالتوں سے یکطرفہ فیصلے حاصل کئے گئے۔،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ساکنین نہ توقابض ہیں اور نہ ہی کرایہ دار بلکہ ان کی حیثیت مالکان کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہجرت کر کے پاکستان آنے والے سرکاری ملازمین نے محکموں میں خدمات انجام دیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے ان سرکاری ملازمین کو اس جگہ آباد کیااور اب ان کی اولادیں یہاں آباد ہیں۔ یہ زمین کسی ادارے یا وفاقی حکومت کی ملکیت نہیں۔ یہ مکین اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو اس کا کرایہ بھی ادا کرتے رہے ہیں امر واقعہ یہ ہے کہ مینٹیننس کی مد پر تمام اخراجات بھی مکین برداشت کر رہے ہیں۔سابقہ حکومتی ادوار میں کواٹرز کے حوالے سے جو اسکیمیں متعارف کرائیں گئی تھیں ان پر عمل نہیں کیا گیا،ضرورت اس بات کی ہے کہ لاکھوں افراد کو بے گھر کرنے کے منصوبے کے بجائے ان کی آبادکاری کا سوچا جائے۔انہوں نے کہاکہ اربوں روپے کی اس جگہ پر کاروباری ادارے اور بااثر شخصیات کی نظر یں ہے ،ہم سرکاری کواٹرز کے مکینوں کے مسئلے کو خالصتاً انسانی مسئلہ سمجھتے ہیں۔اس مسئلہ کو گزشہ نمائندوں نے حکومت میں ہونے کے باوجود حل نہیں کیا بلکہ سیاست کے لئے استعمال کیا۔اب بھی 6 اراکین ہونے کے باوجود صرف باتیں بنا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ امید ہے PTI حکومت اپنا وعدہ پورا کرے گی اور ان کومالکانہ حقوق دے گی۔اس ضمن میں فوری طور پر متاثرین کواٹرز ایکشن کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جس میں کلیم الحق عثمانی اور فہیم اللہ خان کی زیرنگرانی مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات برائے کار لائے جائیں گے۔#

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر