’غنویٰ بھٹو کچھ تو شرم کرو ‘جمائمہ خان نے ذوالفقار بھٹو کی بہو کو ایسی بات کہہ دی کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

’غنویٰ بھٹو کچھ تو شرم کرو ‘جمائمہ خان نے ذوالفقار بھٹو کی بہو کو ایسی بات ...
’غنویٰ بھٹو کچھ تو شرم کرو ‘جمائمہ خان نے ذوالفقار بھٹو کی بہو کو ایسی بات کہہ دی کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بہو غنویٰ بھٹو میں اس وقت ٹوئٹر پر لڑائی ہوگئی جب غنویٰ نے جمائمہ کی اپنے بچوں کے ساتھ میکسیکو میں لی گئی تصویر کو اسرائیل کی تصویر قرار دیا ۔

کہانی مسلم لیگ ن کے ایک ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے شیئر کی گئی تصویر سے شروع ہوئی۔ اس تصویر میں جمائمہ اپنے بچوں قاسم اور سلیمان کے ساتھ نظر آرہی ہیں جبکہ ٹیریان وائٹ بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔ چاروں نے کھلے اور رنگ برنگے کپڑے پہن رکھے ہیں۔ لیگی سوشل میڈیا اکاﺅنٹ کی طرف سے اسے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں یہودی عبادت گاہ کے باہر لی گئی تصویر قرار دیا گیا اور لکھا گیا کہ ’ یہ یہودی عبادت گاہ کے باہر یہودی لباس میں کھڑے ہیں اور ان کا باپ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانا چاہتا ہے‘۔

اس پوسٹ پر منصور چوہان نامی صارف نے لکھا کہ دوسروں کو برا بھلا مت کہو، ہم اپنی ہی خواتین کے خلاف باتیں کر رہے ہیں جن کا اس سارے معاملے سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

غنویٰ بھٹو نے منصور چوہان کے کمنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ عمران خان کی فیملی ایک ایسی ریاست اسرائیل کے دورے پر ہے جس کو پاکستان تسلیم نہیں کرتا ، کیا یہ پاکستان کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتا؟‘۔

غنویٰ بھٹو کی جانب سے اس ٹویٹ پر جمائمہ خان بھی میدان میں آگئیں اور انہوں نے اس بات کو ان کے خاندان کیلئے خطرناک قرار دیا۔انہوں نے لکھا ’ یہ تصویر میکسیکو میں چھٹیوں کے دوران لی گئی تھی اور ہم لوگ مقامی لباس پونچوز پہنے ہوئے ہیں، اس قسم کی جہالت اور خوف بہت ہی خطرناک ہے ، برائے مہربانی یہ باتیں بند کریں‘۔

جمائمہ گولڈ سمتھ نے ایک اور ٹویٹ میں غنویٰ بھٹو کے بارےے میں لکھا ’ یہ ٹویٹ جہالت سے بھرپور ہے اور اگر یہ خطرناک نہ ہوتا تو یہ بہت ہی مزاحیہ ہوتا، یہ تصویر چھٹیوں کے دوران اسرائیل میں نہیں میکسیکو میں لی گئی تھی اور ہم سب نے پونچوز پہن رکھے ہیں کوئی یہودیوں کا مذہبی لباس نہیں ، غنویٰ بھٹو کچھ شرم کرو‘۔

جمائمہ کی جانب سے وضاحت اور غصے کے اظہار کے بعد غنویٰ بھٹو نے معافی مانگ لی اور لکھا ’ اوہ میرے خدایا ، جمائمہ یہ میکسیکو تھا؟ افواہیں بہت آسانی کے ساتھ لوگوں کو اندھا کردیتی ہیں حتیٰ کہ مجھے بھی، برائے مہربانی مجھے شرم کا لیکچر نہ دیں‘۔

مزید : قومی /ڈیلی بائیٹس /برطانیہ /سیاست