’اب ہم اس جگہ حملہ کریں گے‘ داعش نے تازہ ویڈیو جاری کردی، کھلبلی مچادی

’اب ہم اس جگہ حملہ کریں گے‘ داعش نے تازہ ویڈیو جاری کردی، کھلبلی مچادی
’اب ہم اس جگہ حملہ کریں گے‘ داعش نے تازہ ویڈیو جاری کردی، کھلبلی مچادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور اس کے اتحادیوں نے اپنے تئیں عراق اور شام سے شدت پسند تنظیم کا خاتمہ کر دیا ہے مگر لگتا ہے ابھی انہیں سکھ کی سانس نصیب ہونے والی نہیں۔ ایک عرصے کے بعد داعش کی جانب سے تازہ ترین ویڈیو سامنے آ گئی ہے اور اس بار امریکا کے ایک بڑے شہر کو حیاتیاتی ہتھیاروں سے نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔
”مڈل ایسٹ میڈیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ“ کا کہنا ہے کہ انہیں داعش کی جانب سے جاری کیا گیا ایک پیغام موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے ”ہم تمہارے لئے اس ہوا کو بھی خوفناک بنادیں گے جس میں تم سانس لیتے ہو!“ اس ویڈیو میں ایک تصویر بھی شامل ہے جس میں امریکی شہری سان فرانسسکو کو دکھایا گیا ہے اور اس کے آسمان پر ایک نقاب پوش سبز رنگ کی گیس ایک مشین کے ذریعے ہوا میں چھوڑتا ہوا نظر آتا ہے۔“
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ داعش نے مغربی ممالک میں موجود اپنے لوگوں کو حال ہی میں زہریلی گیسیں تیار کرنے کی کچھ تراکیب بھی بتائی ہیں، جنہیں محدود پیمانے پر حملے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ داعش نے اپنے ہمدردوں کو بتایا ہے کہ اینتھریکس جیسے خطرناک کیمیکل کو حاصل کرسکیں تو یہ سب سے بہتر ہے لیکن اگر یہ دستیاب نہ ہو تو زہریلی گیس بنانے کیلئے کوئی بھی کیمیکل یا دیگر مادہ حاصل کرکے حملے کئے جائیں۔ زہریلی گیس کے حملوں کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہیضے اور ٹائیفائیڈ کے بیکٹیریا حاصل کرکے انہیں پانی میں شامل کیا جائے تاکہ لوگ بڑے پیمانے پر ان بیماریوں میں مبتلا ہوجائیں۔
مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کا خیال ہے کہ داعش اب تک یہ صلاحیت حاصل نہیں کرسکی کہ حیاتیاتی ہتھیار تیار کرکے بڑے پیمانے پر حملے کرسکے اور غالباً یہی وجہ ہے کہ یہ تنظیم اپنے ہمدردوں کو انفرادی طور پر حملے کرنے کے لئے اکسارہی ہے۔ سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حکمت عملی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ انفرادی حملے کرنے والوں کا پیشگی سراغ لگانا بہت مشکل ہے۔