کینسر کا شکار ہونے والی اداکارہ سونالی بیندرے کی تازہ تصویر سامنے آگئی، دیکھ کر پہچاننا مشکل

کینسر کا شکار ہونے والی اداکارہ سونالی بیندرے کی تازہ تصویر سامنے آگئی، دیکھ ...
کینسر کا شکار ہونے والی اداکارہ سونالی بیندرے کی تازہ تصویر سامنے آگئی، دیکھ کر پہچاننا مشکل

  

لندن(نیوز ڈیسک)بھارتی اداکارہ سونالی باندرے کی قوت ارادی یقیناًقابل تحسین کہ کینسر جیسے خوفناک مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود عالمی یوم دوستی پر انہوں نے اپنے پرستاروں کے لئے اپنی ایک ایسی تصویر شئیر کر دی ہے کہ جسے دیکھنے والوں کے لئے اپنی آنکھو ں پر یقین کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ کینسر کے علاج کے باعث سونالی باندرے اپنے بالوں سے محروم ہو چکی ہیں لیکن اس بات نے ان کے حوصلے میں کمی نہیں آنے دی۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اس تصویر میں وہ اپنی قریبی سہیلیوں گیاتری اور سوزانے کے ساتھ نظر آتی ہیں۔ انہوں نے اپنی اس تصویر کے ساتھ لکھا ” یہ میں ہوں، اور اس لمحے میں حقیق طور پر خوش ہوں۔ جب میں کہتی ہوں کہ میں خوش ہوں تو لوگ حیران ہوتے ہیں لیکن میں آپ کو بتائوں گی کہ میں کیوں خوش ہوں۔ اب میں ہر لمحے پر توجہ دے رہی ہوں اور مسرت کے حصول کیلئے ہر موقع کے متلاشی رہتی ہوں۔ ہاں درد اور تکلیف کے لمحات بھی آتے ہیں لیکن میں اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزار رہی ہوں جو میرے ساتھ اپنے پیار کا اظہار کرتے ہیں تو میں بہت خوش ہو جاتی ہوں۔ میں اپنے دوستوں کی بھی بے حد شکر گزار ہوں جو مجھ سے ملنے کیلئے آتے ہیں اور میرا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ وہ سب مصروف لوگ ہیں لیکن میرے لیے وقت نکالتے ہیں ، مجھے کال کرتے ہیں اور پیغامات بھی بھیجتے ہیں۔ انہوں نے ایک لمحے کیلئے بھی مجھے تنہا نہیں چھوڑا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ آپ سب میری زندگی کا حصہ ہیں“۔

اس سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں انہوں نے ایک بار پھر اپنی زندہ دلی کا ثبوت دیتے ہوئے شرارتی انداز میں لکھا ” آج کل مجھے تیار ہونے میں بہت کم وقت لگتا ہے کیوں کہ میں بال سنوارنے کے جھنجھٹ سے آزاد ہوگئی ہوں۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس /تفریح