سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے،عارف احمد زئی

سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے،عارف احمد زئی

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا ہے کہ محکمہ معدنیات معدنی وسائل کے حوالے سے اصلاحات اور سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات و خدمات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہا ہے۔ تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں اور صوبے کی آمدن میں بھی اضافہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مائننگ کے پیمائشی نظام وضع کرنے سے متعلق بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔ عارف احمدزئی نے اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ Mining Cadastral System اپنی نوعیت کا پہلا آن لائن نظام ہوگا جس سے معدنیات کے لائسنس کے حصول میں آسانی اور شفافیت بڑھے گی۔ بلکہ اس سے محکمہ معدنیات پر سرمایہ کاروں اورعوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔مائننگ کے پیمائشی نظام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے معاون برائے خصوصی معدنیات عارف احمدزئی نے کہا کہ اس نظام سے معدنیات کی آن لائن ڈیٹا بیس تک سرمایہ کاروں کی رسائی ممکن ہو سکے گی جس کے ذریعے سے وہ معدنی ذخائر کے ایریا میں خالی یعنی فری ایریا ڈھونڈ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب صحافی، عام شہری سمیت سرمایہ کار چاہے کراچی میں ہو یا دبئی میں آسانی سے خیبر پختونخوا میں معدنی وسائل کے حوالے سے آن لائن معلومات حاصل کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ بغیر کسی تکلیف کے معلومات و خدمات تک رسائی ان کی دسترس میں ممکن ہو سکے گی۔معاون خصوصی عارف احمدزئی نے لیز ہولڈرز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ نظام سے لیز ہولڈرز رائیلٹی اور دیگر واجبات کی آن لائن ادائیگی بھی کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ منرل لائسنس کا بروقت اجراء بھی ممکن ہوگا جو سرمایہ کاروں کی ایک دیرینہ خواہش تھی۔مائننگ کی پیمائشی نظام میں سرمایہ کاروں کے لیے مزید سہولیات کی بات کرتے ہوئے معاون معدنیات عارف احمدزئی نے کہا مذکورہ نظام سے اب سرمایہ کار تیزی سے اپنے معدنی رقبہ کو ترقی دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب سرمایہ کار معدنی ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے جس کے بدلے عوام کو روزگار اور صوبے کو آمدن بھی ملے گی۔ عارف احمدزئی نے بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ مائننگ کے پیمائشی نظام سے قانونی پیچیدگیاں اور ایشوز بھی بروقت حل ہوں گے جو بہترین طرز حکمرانی کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی محمود خان کی خصوصی ہدایت کے تحت محکمہ معدنیات میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا تاکہ اس محکمے سے صوبے کے شہری صحیح معنوں میں مستفید ہوسکیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -