چیف لیسکو نے آن لائن کھلی کچہری میں صارفین کی شکایات کا ازالہ کیا

چیف لیسکو نے آن لائن کھلی کچہری میں صارفین کی شکایات کا ازالہ کیا

  

لاہور(پ ر) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے عوامی شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے آج لیسکو ہیڈ کوارٹر میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سْنیں۔ جنرل منیجر ٹیکنیکل معین الدین،جنرل منیجر آپریشن پرویز اقبال،ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب،چیف فنانس آفیسر بشریٰ عمران، چیف انجینئر پلاننگ عمانوایل سردار،چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن رانا عبدالستار،منیجر کمپلینٹ سیل طاہر محمود ندیم اور منیجر پی آر او عمران افضل خان بھی لیسکوچیف کے ہمراہ تھے جبکہ باقی سرکلز کے ایس ایز بھی آن لائن سیشن میں موجود تھے۔کچہری کے آغاز میں چیف ایگزیکٹو اور ان کی ٹیم نے یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے 2منٹ کی خاموشی اختیار کی۔لیسکو چیف کی ای کچہری میں ریجن کے تمام آٹھوں سرکلز میں رہائش پذیر صارفین نے بھرپور شرکت کی۔

لیسکو ای-کچہری میں مختلف نوعیت کی تقریباً102 شکایات موصول ہوئیں جن میں نئی بھرتیوں، بجلی بلوں کی اقساط، ہائی وولٹیج تاروں کی منتقلی، ٹرانسفارمر اپ گریڈیشن، بل درستگی میٹر منقطع ہونے اور میٹر نہ لگنے جیسی شکایات شامل ہیں۔چیف ایگزیکٹو نے موصول شدہ شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کئیں۔ان کا کہنا تھا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے میں کوتاہی برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ یہ ای کچہریاں وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی ہیں۔ جن کا مقصد ملک بھر میں پھیلی کرونا وائرس کی وباء کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوامی شکایات کا ان کے گھر کی دہلیز پر ہی ازالہ کیا جانا ہے۔ اس سبب عوام اور لیسکو کے عملے کی حفاظت کے پیشِ نظر لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ ماہانہ بنیاد پر اپنے فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کریں گے اوران شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا جائے گا۔اس طرح صارفین بجلی نہ صرف اپنے گھر یا دفتر میں بیٹھ کر بجلی سے متعلقہ اپنے مسائل باآسانی متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے بلکہ ان کی شکایات کا ازالہ لیسکو دفاتر میں آئے بغیر ہی ممکن ہو جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -