پاکستان کے نئے نقشے سے کشمیریوں کو نفسیاتی برتری ملے گی،پروفیسر نیاز

پاکستان کے نئے نقشے سے کشمیریوں کو نفسیاتی برتری ملے گی،پروفیسر نیاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (پ ر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ پیش کر کے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیر پاکستان کا ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کر کے کشمیریوں کو نہ تو حق خود ارادیت سے محروم کر سکتا ہے اور نہ ہی ان کی آزادی کی تحریک کو دبا سکتا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم استحصال کے موقع پر احتجاجی ریلی اور مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔


مظاہرے میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر، صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر ممتاز انور، سیکرٹری جاوید سمیع، اساتذہ، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا انعقاد انڈرگریجوایٹ بلاک سے وائس چانسلر آفس تک کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نیاز احمد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی چشم پوشی اور مجرمانہ خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کے جنگی جرائم کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور حکومت پاکستان نے بہترین انداز میں کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی ہے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق عوام سے چھین لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں درخت کاٹنے پر طوفان کھڑا کر دیتی ہیں وہ اسی لاکھ انسانوں کے قیدیوں سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ انسانیت کے ماتھے پر دھبہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا کہ کشمیر علاقائی یا مذہبی مسئلہ نہیں بلکہ یہ انسانیت کے ضمیر کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام انسانوں کا فرض ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں غاصبانہ قبضے کا سامنا کرنے والے نہتے عوام کی نجات کے لئے کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 72 سال سے مقبوضہ کشمیر کی عوام جیل میں ہیں۔ ریلی سے قبل الرازی ہال میں سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مسئلہ کشمیرکے حل اور بھارتی جارحیت کی مذمت پر مبنی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔