مرکزی جمعیت اہلحدیث نے یوم استحصال کشمیر پر ریلی نکالی

مرکزی جمعیت اہلحدیث نے یوم استحصال کشمیر پر ریلی نکالی

  

لاہور (پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر کے زیر اہتمام راوی روڈ پریوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے حق کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت ناظم شہر حافظ بابر فاروق رحیمی ناظم پنجاب حافظ یونس آزاد اور ناظم تنظیمات ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں اور بھارتی جبر و استبداد کی شدید الفاظ میں مذ مت کرتے ہیں۔ حافظ یونس آزاد نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ جہاد سے حل ہو گا۔اور فوج کو اس سلسلے میں کردار اداکرنا چاہیے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ کشمیر بارے اقوام امتحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کا کردار مایوس کن ہے۔

این او کی قراردادوں کو بھارت نے پس پشت ڈال دیا ہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ حافظ بابر فاروق رحیمی نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ضرور ملے گی۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ مودی کا بد ترین چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ مقررین کا کہنا تھا بھارتی ظلم و جبر کو نہ روکا گیا تو خونی لکیر ٹوٹ جائے گی۔ آج مقبوضہ کشمیر پہلے سے بھی زیادہ لہو لہو ہے، کشمیری ہر قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کر کے دم لیں گے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہی نہیں بلکہ لائن آف کنٹرول کی بھی خلاف ورزی کرکے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز نہیں آیا اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔ کشمیری اور پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بھارتی سوچ پورے خطے کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے کیونکہ اب اس طرح کے واقعات چھپائے نہیں جا سکتے۔کشمیری عوام کو جاری فوجی محاصرے کی وجہ سے انتہائی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عالمی برادری کو آج نہیں تو کل بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہی پڑے گا۔ موجودہ حکومت اپنے تئیں تنازع کشمیر کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کرنے میں پر عزم نظر آتی ہے اور وہ دن دور دکھائی نہیں دیتا کہ جب کشمیری عوام بھارت کے غاصبانے قبضے اور جبر وبربریت سے ہمیشہ کے لئے آزاد ہو جائیں گے۔ ظلم جب حد سے بڑھ جائے تو یہ اپنے ساتھ ظالم کو بھی بہا لے جاتا ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کا محاصرہ کر کے اور انہیں ان کے تشخص سے محروم کرنے کی کوشش کر کے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک لی ہے۔ پاکستانی قوم نے آج یوم استحصال منا کر بھارت کو دنیا کے سامنے ننگا کردیا ہے۔ریلی کے شرکاء نے مودی سرکار کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -