دکھی انسانیت کی خدمت کا سفر ہمیشہ جاری رہے گا،کوثر پروین

دکھی انسانیت کی خدمت کا سفر ہمیشہ جاری رہے گا،کوثر پروین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ تاحیات نرسنگ کے مقدس پیشے کی ترقی اوردکھی انسانیت کی خدمت کے کاررواں کو مزید آگے بڑھانے کے لئے اپنی پیشہ وارانہ خدمات اور توانائیاں رضاکارانہ طور پر صرف کرتی رہیں گی تاکہ مریضوں کی خدمت کا یہ سفر جاری رکھا جا سکے ان خیالات کا اظہار کوثر پروین نے ڈی جی این پنجاب کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


جس میں صوبہ بھر سے نرسنگ آفیسر زشریک ہوئیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کوثر پروین41برس تک شعبہ نرسنگ سے وابستہ رہیں اور مختلف عہدوں پر فائز رہنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کے طور پر4سال تک اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ کوثر پروین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ سے وابستہ خواتین کو طبی میدان میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں منوانے کے لئے سخت محنت اور اعلیٰ تعلیم کی اشد ضرورت ہوتی ہے اور نرسنگ کے شعبے میں طب سے وابستہ حصول علم کی کوئی حد نہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل سائنس روز بروز ترقی کر رہی ہے اور دکھی انسانیت کے پیشے سے وابستہ نوجوان نرسز کے لئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور اس فیلڈ میں آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع (Opportunities)موجود ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے توصیف خانم، رضیہ شمیم،نویدہ اسلم،شہناز ڈار، اسماء تاج،ساجدہ ظہور،کوثر تسنیم،ساجدہ پروین و دیگر مقررین نے ڈی جی این کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران بے شمار انقلابی اقدامات کیے جنہیں طب کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نرسنگ سکولوں کو کالج کا درجہ، آن لائن داخلوں کا سسٹم اور شفاف بھرتی کے لئے پی پی ایس سی سسٹم متعارف کرانے میں کوثر پروین نے اہم کردار ادا کیا اور سالہا سال سے زیر التواپرموشن کیس ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے گئے جبکہ ڈینگی، کورونا سمیت دیگر بیماریوں میں فرنٹ فٹ پر رہ کر کام کیا اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتی رہیں۔