عدالت نے منشیات سمگلنگ کے مقدمہ میں ملوث2 ملزمان کو بری کردیا
لاہور(نامہ نگار)انسداد منشیات کی عدالت کے جج شاکر حسن نے 48 کلو چرس سمگلنگ کے مقدمہ میں ملوث 2 ملزموں کو بری کردیا، فاضل جج نے ملزموں سفیر خان اور محمد شکیل کو بری کرنے کاحکم دیاہے اے این ایف لاہور نے ملزموں کیخلاف مقدمہ کا چالان 2016ء میں عدالت میں پیش کیا تھا پراسیکیوشن کا موقف تھا کہ ملزموں کو موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کیا گیا اوران کے قبضہ سے 48 کلو چرس برآمد کی گئی عدالت سے استدعاہے کہ ملزموں کو قانون کے مطابق سزا سنائی جائے ملزموں کی طرف سے اختر محمود ڈھلوں ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اے این ایف نے ملزموں کو بے بنیاد مقدمہ میں ملوث کیا ہے،اے این ایف نے ملزموں کو ایف آئی آر میں درج تاریخ وقوعہ سے 2 روز قبل گرفتار کیا ملزموں کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے ثابت ہے کہ وقوعہ سے 2 روز قبل ملزمان لاہور میں موجود تھے اے این ایف نے ملزموں سے 18 لاکھ کے ہیرے ہتھیانے کے لئے جھوٹا مقدمہ بنایا اے این ایف کے مقدمہ کے گواہ یونس کانسٹیبل نے 18 لاکھ کے ہیرے یوسف خان نامی شخص کو 22 لاکھ میں فروخت کئے ملزموں سے ہتھیائے گئے ہیرے خریدنے والے شخص کا بیان بھی عدالت کے پاس موجود ہے عدالت سے استدعاہے کہ ملزموں کو مقدمہ سے بری کیا جائے عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔