دبئی آنیوالے سیاحوں کو بلاتعطل سفر کی یقین دہانی
لاہور(پ ر)دنیا میں مسافر موسم گرما کی تعطیلات کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اس ضمن میں ایمریٹس اور دبئی حکومت دنیا بھر کے سیاحوں کا خیرمقدم کرنے کا عندیہ دے رہی ہے تاکہ سیاح بلاتعطل اور بحفاظت سفر کے ساتھ دبئی شہر کے متعدد پرکشش مقامات سے لطف اندوز ہوں۔ عالمی وبا سے قبل فعال امیگریشن قوانین کے مطابق سیاح پیشگی ویزے کے لئے باآسانی درخواست جمع کراسکتے ہیں یا دبئی آمد پر اپنے ویزے کی مہرلگوا سکتے ہیں اگر وہ 70 ممالک اور خطوں کا پاسپورٹ رکھتے ہوں۔ دبئی حکومت نے آنے والے مسافروں کے داخلے کی شرائط کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے۔ یکم اگست 2020 سے دبئی آنے والے مسافر یا ٹرانزٹ والے تمام مسافروں کا کرونا کا پی سی آر ٹیسٹ لازم کردیا گیا ہے۔ برطانیہ اور یورپ جانے والے مسافروں کو بھی پی سی آر ٹیسٹ کے منفی سر ٹیفکیٹ کی ضرورت ہوگی۔ ایمریٹس کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل الرضا نے کہا، "دبئی بدستور بین الاقوامی سیاحوں کے لئے انتہائی پرکشش مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں میں جب سے ہم نے دبئی کو سیاحوں کے لئے دوبارہ کھولا ہے، ہم نے ایمریٹس ڈاٹ کام پر دبئی کے سفر کے لئے 16 لاکھ سے زائد سرچز ملاحظہ کیں اور فرانس، جرمنی، ملائیشیا، برطانیہ اور امریکہ سمیت 30 سے زائد ممالک میں مسافروں کی جانب سے بکنگ میں اضافہ ہوا ہے۔