مقبوضہ کشمیر پاکستان کے نقشے میں شامل ہوا، جلد پاکستان کا حصہ ہو گا: عثمان بزدار

مقبوضہ کشمیر پاکستان کے نقشے میں شامل ہوا، جلد پاکستان کا حصہ ہو گا: عثمان ...

  

  لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تغیرات زرتاج گل نے ملاقات کی۔ملاقات میں عمومی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔عثمان بزدار اورزرتاج گل نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلسل کرفیواورکشمیری عوام پربھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان کے سیاسی نقشے میں شامل کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے اقدام کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کانامکمل ایجنڈا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان کے نقشے میں شامل کرنا ہر پاکستانی اورہر کشمیری کی آواز ہے۔آج مقبوضہ جموں و کشمیر پاکستان کے نقشے میں شامل ہوا ہے اورکل یہ پاکستان کا حصہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کشمیری عوام کے جرات مند سفیر ہیں اوروزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیرکا مقدمہ لڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکاپاکستان سے انمٹ رشتہ ہے۔کڑے وقت اوربحران کی کیفیت میں کشمیر یوں کے ساتھ ہیں۔ بھارت ظلم و جبر سے زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا-بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آمرانہ اقدام کیا۔ مودی سرکارکے ظلم کی شب ختم ہونے کے قریب ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بننے سے چاروں صوبوں کے عوام مستفید ہوں گے- سردار عثمان بزدار نے یوم استحصال کشمیر بھرپورطریقے سے منانے پر پاکستانی قوم خصوصا پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر پاکستانی شہریوں نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت بدلنے کیخلاف تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔پاکستانی قوم نے یک زبان ہوکرکشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -