ملک کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے پر سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانی حفصہ کنول گرفتار
لاہور (سپیشل رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر رانی حفصہ کنول کوگرفتارلیا۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق رانی حفصہ کنول پر ریت کے ٹیلوں کی فروخت میں کرپشن کاالزام ہے،رانی حفصہ کنول کے خلاف محکمہ کوآپریٹوکی زمین کاانتقال کرنے میں بھی کرپشن کے الزامات ہیں،رانی حفصہ کنول نے ٹھیکیدار مافیاسے مل کرریاست کوکروڑوں روپے کانقصان پہنچایاہے،رانی حفصہ کنول کے خلاف مالی بدعنوانی کا کیس گجرات میں درج ہے۔ذرائع کے مطابق کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر گجرات سے تبدیل ہو نے والی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر رانی حفصہ کنول کیخلاف مختلف اداروں نے اپنی رپورٹس اعلیٰ حکام کو ارسال کی تھیں جن کے مطابق گجرات میں ان کی جائیداد،بینک اکاؤنٹس،گاڑیوں کے استعمال کا معاملہ وغیرہ بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر رانی حفصہ نے اپنی ہمشیرہ’والدہ’والد ’بھائی اور قریبی عزیزوں کے نام پر پلاٹ اور کوٹھیاں خریدی ہیں جن میں سے کچھ کو فروخت بھی کیا اور اس سے حاصل ہو نیوالی رقم سے لاہور میں عالیشان گھر بنارہی ہیں۔ گجرات تعیناتی کے دوران انہوں نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کو فائدہ دیا۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اس ضمن میں ملزمہ سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے،رانی حفصہ کنول کاتعلق ڈی ایم جی کے39ویں کامن سے ہے۔ ڈاکٹر رانی کے زیر اثر کام کرنیوالے اسسٹنٹ کمشنر اور سب رجسٹرار کے معاملات کی چھان بین بھی شروع کردی گئی ہے۔
رانی کنول گرفتار