کشمیر پر باتوں کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، لیگی رہنماؤں کا مطالبہ 

      کشمیر پر باتوں کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، لیگی رہنماؤں کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسئلہ کشمیر پر قومی پالیسی بنانے کامطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پر باتوں کی بجائے عملی طورپر اقدامات کئے جائیں،مضبوط معاشی پاکستان ہی کشمیر کا مقدمہ لڑسکتا ہے،پاکستان بنانے والوں کو دیوار سے لگا دیاگیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے لاہور پریس کلب کے باہراحتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ اس موقع پرخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل ہوئے ایک سال مکمل ہو چکا ہے، کشمیریوں کے وکیل پاکستان کو مضبوط نہ کیا گیا تو کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا، سیاسی طور پر جو ریاست پاکستان نے اقدامات کئے اس سے زیادہ بہتر ہو سکتے تھے،ہمیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے، باتوں سے کام نہیں چلے گا،پاکستان کشمیر کے مسئلے پر آگے بڑھے،مودی اپنا آر ایس ایس کے نظرے کو آگے بڑھا رہا ہے اور پاکستان میں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے،کشمیر میں ایک سال سے زائد ہوگیا ہے۔ اس موقع پرخواجہ عمران نذیر، شائستہ پرویز ملک، غزالی سلیم بٹ، مرزا جاوید، رابعہ فاروقی، مبشر جاوید اور حافظ نعمان نے بھی خطاب کیا اور ہر حال میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
لیگی رہنما


لاہور(آئی این پی) رہنما پاکستان مسلم لیگ(ن) اور سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کا ایک سال مکمل ہونے پر5 اگست کے سیاہ  دن کی مناسبت سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے 8 سوالوں کے جواب مانگتے ہوئے کہا ہے بتایا جائے پچھلے سال وزارت خارجہ میں ہوئی کل جماعتی مشاورت کی سفار شات پر کتنا عمل ہوا؟واحد اسلامی ایٹمی طاقت کا حامل ملک اتنا بے توقیر کیوں ہو گیا کہ مسئلہ کشمیر پراسلامی سربراہی اجلاس بھی نہ بلا سکا؟ احسن اقبال نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹو یٹر پر حکومت سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششوں سے متعلق دریافت کیا کہ گزشتہ سال 5اگست کے بھارتی غیرآئینی و غیر قانونی اقدامات کو ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی حکومت نے کیاجوابی اقدامات کئے؟ وزیر اعظم، وزیر خارجہ،چیئرمین کشمیر کمیٹی، وزیر کشمیر امور نے کتنے ممالک کا کشمیر کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر دورہ کیا؟ کشمیر پر سفارتکاری کیلئے کتنے وفود سیکورٹی کونسل کے ممبر ممالک میں لابنگ کیلئے بھیجے گئے؟ حکومت کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے انسانی حقوق کے یواین اوکمیشن میں مسئلہ اٹھا نے میں کیوں ناکام ہوئی؟ بھارت کے سیکورٹی کونسل کیلئے بلا مقابلہ انتخاب پر حکومت نے سوال کیوں نہیں اٹھایا کہ سیکورٹی کونسل کی قرارداد وں کی دھجیاں بکھیرنے والا ملک کیسے ممبر بن سکتا ہے؟ حکومت نے سال بھر کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن اور انفارمیشن بلیک آؤٹ کو اٹھوانے کیلئے سوائے تقریروں کے کیا کیا؟وزیر اعظم نے سال بھر قومی قیادت کیساتھ ملکر کشمیر پر قوم کے ایک پیج پر ہونے کا پیغام کیوں نہیں دیا؟
احسن اقبال سوالات

مزید :

صفحہ آخر -