مقبوضہ کشمیر نعروں سے نہیں پاکستان کو مضبوط کرنے سے ملے گا،اعجاز شاہ

   مقبوضہ کشمیر نعروں سے نہیں پاکستان کو مضبوط کرنے سے ملے گا،اعجاز شاہ

  

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور سرینگر ہائی وے کی باقاعدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارتی ظلم اور بربریت کا جس بہادری اور ہمت سے سامنا کیا ہے وہ قابل داد ہے۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ بھارت کے مظالم کے سامنے گھٹنے نہ ٹیک کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے حق کی آواز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔  اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں صرف نعروں یا باتوں سے کشمیر نہیں ملے گا بلکہ پاکستان کے مظبوط ہونے سے ملے گا- انہوں نے کہاکہ جب ہم مودی کی آنکھ میں آنکھ ملا کر اپنا موقف سامنے رکھیں گے تو کوئی دنیا کی طاقت اس بات کو نہیں روک سکتی کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ سرینگر ہائی وے صرف نام کی تبدیلی نہیں ہے بلکہ انشااللہ وہ دن دور نہیں کہ جب یہ 300 کلومیٹر کی دوری 30 کلومیٹر میں تبدیل ہو کر پھر مکمل ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچ کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات پر بھی غور کرنا ہو گا تا کہ ہم جلد از جلد وادی کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں۔ وزیر اعظم عمران خان بطور کشمیر کے سفیر ہر فورم پر کشمیر کے حق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا - اس موقع پر وفاقی وزیر فخر امام اور وزیر مملکت علی محمد خان بھی موجود تھے۔

پاکستان کو مضبوط

مزید :

صفحہ آخر -