عجمان کی مارکیٹ میں خوفناک آ گ بھڑک اٹھی
عجمان (ڈیلی پاکستان آن لائن )متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کی مارکیٹ میں گزشتہ شام خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس پر مسلسل تین گھنٹوں کی محنت کے بعد عملے نے قابو پا لیا تاہم کو ئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خلیج ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آگ عجمان میں واقع سبزی اور فروٹ منڈی میں لگی اور اس علاقے کو کورونا وائرس کے پیش نظر گزشتہ چار مہینے سے بند رکھا گیا تھا ۔عجمان پولیس کے چیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ نے کہاہے کہ مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں تین گھنٹوں سے زائد کا وقت لگا تاہم اس دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
مارکیٹ میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد شہر کی سول ڈیفنس کی جانب سے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اور بھاری تعداد میں آگ بجھانے کیلئے عملے اور مشینری کا استعمال کیا گیا ، ریسکیو عملے نے محض تین منٹ میں موقع پر پہنچ کر کنٹرول سنبھال لیا تھا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی تھیں ۔
ریسکیو ٹیم کی جانب سے سب سے پہلے مارکیٹ کے ارد گرد واقع بلڈنگز کو خالی کروایا گیا جس کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔آگ بجھانے کے بعد مارکیٹ کو ٹھنڈ ا کرنے کے عمل کا آغاز کیا گیا ۔پولیس کا کہناہے کہ آگ بھڑکنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے لیکن اس جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیاہے ۔