مزید مہلت نہیں دے سکتے ،سندھ ہائیکورٹ شوگر ملز مالکان کی درخواست پر مہلت مانگنے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہم
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ شوگرانکوائری کمیشن رپورٹ کیخلاف شوگرملز مالکان کی درخواست پرایک مرتبہ پھر سماعت ملتوی کرنے کی استدعاپر ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہم ہوگئی،عدالت نے کہاکہ اٹارنی جنرل نہیں آسکتے توآپ دلائل دیں، مزید مہلت نہیں دے سکتے اٹارنی جنرل سے کہیں وہ آئیں اورسپریم کورٹ رجسٹری سے ویڈیو لنک پر دلائل دیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں شوگرانکوائری کمیشن رپورٹ کیخلاف شوگرملزمالکان کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت ایک مرتبہ پھر سماعت ملتوی کرنے کی استدعاپر ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہم ہوگئی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کاشف پراچہ نے کہاکہ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں ،11 اگست تک مہلت دی جائے،اٹارنی جنرل خود دلائل دیں گے ۔
جسٹس کے کے آغا نے کہاکہ ہم اٹارنی جنرل کے پابند نہیں پوراہفتہ ان کاانتظار کریں ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ وفاق پر جو الزامات لگائے گئے ان کاجواب دینے کاموقع دیا جائے ۔
عدالت نے کہاکہ اٹارنی جنرل نہیں آسکتے توآپ دلائل دیں، مزید مہلت نہیں دے سکتے اٹارنی جنرل سے کہیں وہ آئیں اورسپریم کورٹ رجسٹری سے ویڈیو لنک پر دلائل دیں ،عدالت متعلقہ دستاویزات پیش نہ کرنے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہم ہو گئی اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔
سندھ ہائیکورٹ نے کمیشن رپورٹ پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات طلب کرلیں،عدالت نے 21 مئی کے کابینہ اجلاس کے شرکا کی تفصیلات پیش کرنے کاحکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے کابینہ کے ارکان کی مکمل فہرست بھی طلب کرلی ،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ میں کتنے منتخب اور کتنے غیرمنتخب افراد شامل ہیں سب کی تفصیلات پیش کریں ،عدالت نے اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کیلئے جمعرات تک حتمی مہلت دیدی۔