غریب عوام کی ترقی کیلئے پی ٹی آئی سے بڑھ کر کسی جماعت کا کوئی کردار نہیں:نیلم حیات ملک
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور ممبر پنجاب اسمبلی نیلم حیات ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کی ترقی و بھلائی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے،تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد ہی غریب عوام کو ہر سطح پر ریلیف دینا او ر صاف و شفاف نظام و میرٹ کی بالادستی قائم کرنا ہے جسکے لئے عوام کو بھی بھر پورتعاون کرنا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق بیگم نیلم حیات ملک نے ڈی ایچ اے لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کی ترقی کیلئے پی ٹی آئی سے بڑھ کر کسی جماعت کا کوئی کردار نہیں، ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے اور گڈ گورننس سے عوام حقیقی تبدیلی محسوس کر رہے ہیں، آج حکومت تمام وسائل غریب عوام پر خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم ہی ہماری ترجیح ہے جبکہ ہسپتالوں اور سڑکوں سمیت دیگر ادھورے منصوبے بھی مکمل کر کے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے محروم طبقات کی مشکلات کو ختم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں دن رات مصروف عمل ہیں،حکومت کی کوششوں سے عام طبقے کی کی مشکلات کا نہ صرف ازالہ ہو گابلکہ انکی زندگیوں میں نمایاں مثبت تبدیلی بھی آئے گی لہذاضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سرکاری ادارے اور حلقے کے عوام ملکر اس ضمن میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔